پروازیں شروع کرنے کا اعلان

بحرین کا اسرائیل کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان

منامہ ( 10 ستمبر 2021ء ) خلیجی اسلامی ملک بحرین نے اسرائیل کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بحرین کی قومی ایئر لائن گلف ایئر نے کہا کہ وہ 30 ستمبر سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرے گی اور ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی ، ایئرلائن کی نئی منزل کے آغاز کا اعلان بحرین اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے اعلان اور ان کے درمیان سیاسی ، تجارتی اور شہری ہوا بازی کے معاہدوں کے بعد ہوا ہے۔ اس حوالے سے گلف ایئر کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن ولید العلوی نے کہا ہے کہ ہمیں تاریخی بحرین اور اسرائیل کے تعلقات کے ایک حصے کے طور پر اپنے بحرین سے تل ابیب روٹ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے ، بحرین کی قومی ایئر لائن کے طور پر ہم اپنی قیادت اور بادشاہت کو خطے میں امن اور خوشحالی کے تحفظ میں ان کے کردار کی حمایت کرنے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں ، ہمیں امید ہے کہ یہ مزید مواقع پیدا کرنے کا محض ایک آغاز ہے۔ خیال رہے کہ بحرینی حکام کے گذشتہ سال نومبر میں اسرائیل کے سرکاری دورے کے بعد دونوں ملکوں نے اپنے اپنے سفارت خانے کھولنے،آن لائن ویزا سسٹم شروع کرنے اور ہفتہ وار پروازیں چلانے سے اتفاق کیا تھا ، بحرین اور اسرائیل نے اکتوبر 2020ء میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں اور مشترکہ اعلامیے پر دست خط کیے تھے ، تب اسرائیل اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے وفد نے منامہ کا دورہ کیا تھا اوربحرینی حکام سے مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *