سیاحتی شہر بسانے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کا گلگت بلتستان میں 3 سیاحتی شہر بسانے کا فیصلہ

گلگت( 7ستمبر 2021) ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدام، وزیراعظم عمران خان کا گلگت بلتستان میں 3 سیاحتی شہر بسانے کا اصولی فیصلہ ۔ تفصیلات کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلیے گلگت بلتستان حکومت نے صوبے میں 3 سیاحتی شہر بسانے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔سیاحتی شہروں کے قیام کے حوالے سے وزیر اعظم سے وزیر اعلی کی مشاورت ہوچکی، گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژن میں ایک ایک سیاحتی شہر بسائے جائیں گے، سیاحتی شہروں کے قیام کیلیے باضابطہ کنسپٹ پیپرز تیار کرلیے، ان شہروں کے قیام کیلیے جگہوں کی نشاندہی و سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جلد عملی اقدامات اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعلی خالد خورشید نے اس حوالے سے وزیراعظم کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے، وزیراعلی خالد خورشید نے آگاہ کیا کہ ابتدائی طور پر اسکردو شہرکو سیاحت کے حوالے سے ڈویلپ کیا جائے گا، اسکردو کو ڈویلپ و پلان سٹی بنائیں گے، سیاحوں کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر ان کی ایکوموڈیشن کیلیے ہوٹلز و موٹلز اوررومز تیار کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے پہلے بھی کئی اہم اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔ اسکردو ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دینا بھی انہیں اقدامات میں سے ایک ہے۔ گزشتہ دنوں اسکردو ایئرپورٹ کے حوالے سے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے ایوی ایشن ڈویژن کو مراسلہ جاری کیا تھا،، جس میں کہا گیا تھا کہ اسکردو ہوائی اڈے کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دیا جارہا ہے ، جس کے لیے اسکردو کو پاکستان میں عالمی پروازوں کے روٹس سے جوڑنا ہے ، اس اقدام کی بدولت عالمی پروازوں کی آمد سے سیاحت کو فروغ اور زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا ، جس کے تحت اسکردو ایئرپورٹ معاہدوں کے تحت نامزد غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے دستیاب ہوسکتا ہے۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *