خوراک دینے کا پروگرام تشکیل

سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی تیسری خوراک دینے کا پروگرام تشکیل

ریاض ( 06 ستمبر 2021ء) : سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی تیسری خوراک دینے کا پروگرام تشکیل دے دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا کہ مملکت میں انتہائی محدود پیمانے پر کورونا ویکسین کی تیسری خوراک دینے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ انہوں نے پریس بریفنگ میں کہا کہ مدافعتی نظام میں خلل یا اعضا کی پیوند کاری والے افراد کو ہی دی جائے گی۔یہ ایسے زمرے ہیں جنہیں اس حوالے سے انتہائی ضرورت مند خیال کیا جا رہا ہے۔ عاجل ویب سائٹ کے مطابق العبد العالی نے کہا کہ طبی مطالعات سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ کورونا ویکسین کی دو خوراکیں وائرس سے بچانے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی دو خوراکیں لینے سے کافی عرصہ تک کورونا وائرس سے تحفظ حاصل ہوجاتا ہے۔وزارت صحت کے ترجمان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی نئی شکلیں زیادہ خطرناک ہیں اور یہ تیزی سے پھیلتی ہیں۔ان سے تحفظ کا مناسب طریقہ ویکسین کی دونوں خوراکوں کا حصول ہے۔ علاوہ ازیں وزارت صحت نے ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کرتے رہیں اور صحتی ایپ یا توکلنا ایپ کے ذریعے ویکسین کی تاریخیں حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر کسی کو کورونا وائرس کے حوالے سے کوئی مشاورت درکار ہو یا ان کے ذہن میں اس حوالے سے کوئی سوال ہو اور وہ اس کا جواب حاصل کرنا چاہتے ہوں تو 939 پر رابطہ کریں اور مشورہ لیں۔استفساارات کے جواب حاصل کریں یہ سروس 24 گھنٹے مہیا ہے۔ قبل ازیں وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کورونا وبا کے مصدقہ کیسز میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ دو روز قبل اپنے بیان میں سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا کہ تمام لوگ کورونا ایس او پیز کی پابندی اور ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کا اہتمام کرتے رہیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *