بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر گئے

حریت رہنما سید علی گیلانی اس دنیا سے جانے کے بعد بھی بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر گئے
بھارتی فورسز نےعلی الصبح سید علی گیلانی کا جسد خاکی زبردستی گھرسے اٹھایا اور اس دوران تشدد بھی کیا۔ عبداللہ گیلانی

سری نگر (02 ستمبر 2021ء) : حریت رہنما سید علی گیلانی اس دنیا سے جانے کے بعد بھی بھارت کا اصل چہرہ بےنقاب کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق حریت قیادت کے نمائندہ خصوصی عبداللہ گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز نےآج علی الصبح سید علی گیلانی کا جسد خاکی زبردستی گھرسے اٹھایا، اس دوران دہشت گرد انتظامیہ نے سید علی گیلانی کے اہل خانہ پر تشدد بھی کیا۔عبداللہ گیلانی کے مطابق سید علی گیلانی کی وصیت تھی کہ انہیں شہدا قبرستان میں دفنایا جائے، لیکن بھارتی فورسز نے ان کی یہ خواہش بھی پوری نہ ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے محبوب قائد کے دیدار کے لیے آنا چاہتے تھے لیکن مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ رات سے کرفیو نافذ ہے۔اپنے ایک وڈیو بیان میں عبداللہ گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے سید علی گیلانی کا جسد خاکی قبضے میں لیا اور ہمیں نہیں معلوم کہ سید علی گیلانی کی تدفین کہاں کی گئی ہے۔جبکہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فورسز کی سخت سکیورٹی میں حریت پسند رہنما سید علی گیلانی کی حیدرپورہ قبرستان میں صبح ساڑھے 4 بجے تدفین کر دی گئی ہے، نماز جنازہ اور تدفین میں چند قریبی افراد کو ہی شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ گذشتہ رات مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کی ایک انتہائی توانا آواز بابائے حریت سید علی گیلانی خالق حقیقی سے جا ملی۔جدوجہد آزادی کشمیر کے اہم ستون تسلیم کیے جانے والے سید علی گیلانی 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ بھارتی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو گزشتہ12 برس سے سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا تھا جس کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی گر چکی تھی۔ سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929ء کو پیدا ہوئے تھے اور وہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین بھی تھے۔وہ پہلے جماعت اسلامی جموں و کشمیر کے رکن تھے لیکن بعد میں انہوں نے تحریک حریت کے نام سے اپنی جماعت قائم کر لی تھی۔ سید علی گیلانی 1972، 1977 اور 1987 میں تین مرتبہ جموں و کشمیر کے حلقہ سوپور سے کشمیر اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی کے انتقال پرایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا جس کے تحت پاکستانی پرچم آج سرنگوں رہے گا۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *