یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل

یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل، گھی سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد ( 18 اگست2021ء) ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل، گھی سمیت متعدد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، چائے کی پتی 40 روپے، کوکنگ آئل 34، گھی فی کلو31 روپے مہنگا، ہارپک، ماچس، ڈیٹرجنٹ پاوٴڈر، آلیوآئل اورکولڈ ڈرنک کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا گیا، ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہوگا۔تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف برانڈ کی اشیائے خوردونوش اور دوسری اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کوکنگ آئل، گھی، اچار، کیچپ، ماچس، ڈیٹرجنٹ پاوٴڈر، باتھ سوپ سمیت متعدد اشیاء مہنگی کردی گئی ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا۔ 950 گرام چائے کی پتی کا پیکٹ 40 روپے، ہارپک فی لیٹر 49 روپے، ماچس کا پیکٹ 10 روپے، مختلف برانڈڈ ڈیٹرجنٹ پاوٴڈرکا پیکٹ50 روپے مہنگا کردیا گیا۔ اسی طرح آلیوآئل 51 روپے فی لیٹر، گھی فی کلو 31 روپے، کوکنگ آئل 34 روپے اور ڈیڑھ لیٹر کولڈ ڈرنک 2 روپے مہنگی کردی گئی ہے۔مزید برآں گزشتہ روز وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55 روپے 59 پیسے فی کلو تھی جو اگست 2021 میں 105 روپے 51 پیسے ہو چکی ہے۔حکومت کے تین سال میں دال ماش 95 روپے 60 پیسے، دال مسور 43 روپے 94 پیسے، دال مونگ اوسط 68 روپے 86 پیسے جبکہ دال چنا 29 روپی77 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔تین سال میں بکرے کا گوشت 337 روپے، گائے کا گوشت 169 روپے، دودھ 25 روپے 89 پیسے فی لٹر جبکہ دہی 26 روپے 78 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔دستاویز کے مطابق موجودہ حکومت کے دور میں لہسن 120 روپے 68 پیسے، برائلر مرغی 37 روپے 91 پیسے جبکہ انڈوں کی قیمت میں 58 روپے 37 پیسے فی درجن اضافہ ہوا۔

Sharing is caring!

Comments are closed.