وزیراعظم آج اعلان کردیں

وزیراعظم آج اعلان کردیں تو ہم کراچی کھلوادیں گے
لوگوں کو تنگ نہ کیا جائے،صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے وقت کا تعین کیا جائے،خالد مقبول صدیقی

کراچی ( 04 اگست 2021ء ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو بند کرنے کا فیصلہ دادو والے نہیں کریں گے اور وزیراعظم آج اعلان کردیں تو ہم شہر کھلوادیں گے۔تاجر برادری کے نمائندوں نے متحدہ مرکز بہادرآباد پر مشترکہ پریس کانفرنس میں لاک ڈاؤن سے متعلق تحفظات اور شکایات کے انبار لگادیے۔اس موقع پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کورونا کے بہانے کراچی کے شہریوں کو تنگ کیا جارہا ہے اور صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کے بجائے وقت کا تعین کیا جائے۔انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کو بند کرنے کا فیصلہ دادو والے نہیں کریں گے، وزیراعظم آج اعلان کردیں شہر ہم کھلوادیں گے۔ان کا کہناتھاکہ تاجر برادری‘ہاں‘ کرے تو ان کے ساتھ مل کر کاروبار کھولنے کو تیار ہیں۔خالد مقبول کا کہنا تھاکہ وفاق اور سندھ حکومت کراچی میں ہنگامی صورتحال کا نفاذ کریں، کراچی کیلئے پولیو کی طرز پر ہنگامی بنیادوں پر ویکسینیشن کی جائے۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے تحت عائشہ منزل پر جشن آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس سے خطاب میں عامر خان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں لاک ڈاؤن کے نام پر بھتہ خوری کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ایم کیوایم پاکستان نے وزیراعظم اور چیف جسٹس سے کراچی میں صوبائی حکومت کے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کا نوٹس لینے اور تاجروں کو ریلیف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ جبکہ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لوگ بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین لگوانے کے لیے نکل رہے ہیں، کراچی میں پہلے ایکسپو سینٹر میں 24 گھنٹے ویکسینیشن کی جارہی تھی، اب 11 مقامات پر 24 گھنٹے ویکسینیشن سینٹرکام کر رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لوگوں کو جان کی نہیں سم کی پرواہ ہے،2 لاکھ 22 ہزار لوگوں نے کل ویکسینیشن کرائی ہے، شہری ویکسینیشن کے لیے آتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین تنقید کرنے اور لوگوں کو اکسانے کے بجائے عوام کو ایس او پیز پر عمل در آمد کے لیے قائل کریں، سندھ کے ہر بندے کو گھر گھر جا کر ویکسین فراہم کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے عوام کو سینٹرز پر ہی آکر ویکسین لگوانی ہوگی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.