مسافر آپس میں لڑ پڑے

جہاز کی کھڑکی کا شیڈ کھلا رکھا جائے یا بند؟ مسافر آپس میں لڑ پڑے

ویب نیوز (۔ 15 اگست 2021ء ) بسوں میں آپ نے اگر سفر کیا ہے تو آپ کو اندازہ ہو گا کہ ان میں سفر کرنے والے حضرات کے کیا کیا مسائل اور کیا رونے دھونے ہوتے ہیں۔پہلی لڑائی ہی اسی بات پر ہوتی ہے کہ کھڑکی کی طرف کس نے بیٹھنا ہے اور یہ فیصلہ ہو جانے کے بعد دوسرا گھمبیر مسئلہ کھڑکی کھلی رکھنے یا بند رکھنے کا ہوتا ہے۔کیونکہ کھڑکی کھولنے یا بند کرنے پر اسٹیک ہولڈر زیادہ ہو جاتے ہیں۔یعنی آپ کی سیٹ سے آگے بیٹھا مسافر بھی اعتراض کر سکتا ہے اور پچھلی نشست پر براجمان صاحب یا صاحبہ بھی برا منا سکتی ہیں لہٰذا آپ اپنی مرضی سے تو کھڑکی کا فیصلہ نہیں کر سکتے۔عوامی بسوں پر کھڑکی والی جگہ یا کھڑکی کے لیے مسافروں کا لڑناجھگڑناتو ممکن ہے کیونکہ ہر کسی کو باہر کے نظارے دیکھنے کا شوق ہوتا ہے تاہم حال ہی میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جہاں دو مسافر طیارے کی کھڑکی کے شیڈ پر آپس میں جھگڑنے لگے۔جہاز کے سفر کی بات کی جائے تو وہاں کھڑکی کھولنے یا بند رکھنے کا مسئلہ نہیں ہوتا۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مسافر کھڑکی کا شیڈ کھول رہا ہے جب کہ اگلی سیٹ پر بیٹھی خاتون مسلسل شیڈ نیچے کی جانب کرکے اندھیرا کرنا چاہ رہی ہیں۔ کھڑکی کو دیکھ کر یوں تو اندازہ لگانا مشکل ہے کہ اس پر زیادہ حق کس کا ہے تاہم سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں عوام کی رائے بھی لی گئی ہے۔سوشل میڈیا کے متعدد صارفین نے مرد مسافر کو صحیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھڑکی ان کی جانب ہے اس لیے اس کے شیڈ کو کھلا ہونا چاہیے۔تاہم وائرل ہونے والی ویڈیو میں یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ ویڈیو کہاں کی ہے۔واضح رہے عام طور پر جہاز کا عملہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ حفاظتی وجوہات کی بنا پر کھڑکی کا شیڈ ٹیک آف اور لینڈنگ کے وقت کھلا رہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.