متحدہ عرب امارات واپسی ممکن ہو گئی

پاکستان کے تمام اہم شہروں سے متحدہ عرب امارات واپسی ممکن ہو گئی
پاکستان کے تمام اہم ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی، ہزاروں مسافر امارات پہنچ گئے

دُبئی ( 17 اگست 2021ء) یو اے ای کی جانب سے 5 اگست 2021ء سے پاکستان سمیت متعدد ممالک کے ان مسافروں کو واپس آنے کی اجازت دے دی ہے جو کئی ماہ سے فضائی سفر کی پابندی کے باعث اپنے ملک میں ہی پھنس کر رہ گئے تھے۔ اس خوش خبری سے پاکستان میں پھنسے ہزاروں اماراتی ویزہ ہولڈر کو بھی خوش کر دیا تھا۔ تاہم پاکستانی ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت موجود نہ ہونے کی وجہ سے ایئر لائنز نے ہزاروں پاکستانی مسافروں کو واپس لے جانے سے انکار کر دیا تھا۔  ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ اماراتی حکومت کی جانب سے پرواز سے 4 گھنٹے مسافروں کا پی سی آر ریپڈ Antigen ٹیسٹ لینے کی شرط عائد کی گئی ، مگر اس ٹیسٹ کی پاکستانی لیبارٹریز میں سہولت موجود نہیں تھی۔تاہم اب یہ سہولت پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر مہیا کر دی گئی ہے جس کے بعد ہزاروں پاکستانی امارات واپس جا چکے ہیں پاکستانی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق سیالکوٹ اور پشاور کے بعد کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ کے ایئرپورٹس پر بھی اس ریپڈ ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہےاسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ٹیسٹ کی سہولت میسر ہونے سے 10 پروازوں کے ذریعے 2050 مسافر یو اے ای جا چکے ہیں۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے8 پروازوں کے ذریعے 1626 مسافر وں کی، پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 14 پروازوں کے ذریعے 2561 ، جبکہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک 6 پروازوں کے ذریعے 1742 مسافروں کی امارات واپسی ہو چکی ہے۔ اسی طرح ریپڈ ٹیسٹ کے آغاز کے بعد ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک 6 پروازوں کے ذریعے 938 مسافرامارات پہنچ گئے ہیں۔ فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک 2 پروازوں کے ذریعے 277 مسافر امارات پہنچے ہیں۔جبکہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک 15 پروازوں کے ذریعے 2801 مسافر امارات روانہ ہوئے ہیں۔کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی ریپڈ پی سی آر کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے جہاں پر 18 اگست سے امارات کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔ سول ایوی ایشن کے مطابق فضائی سفر پر سے پابندی ہٹنے کے بعد اب تک مجموعی طور پر 63 پروازوں کے ذریعے 11 ہزار 995 پاکستانی مسافر امارات جا چکے ہیں جن میں سے 8 ہزار 910 مسافروں کو ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی ۔

Sharing is caring!

Comments are closed.