قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا

امارات واپسی کے اعلان کے بعد فضائی ٹکٹس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا

دُبئی(7 اگست 2021ء) اماراتی حکومت کی جانب سے پاکستان میں پھنسے اماراتی ویزہ ہولڈرز کو کئی ماہ کے بعد واپس آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ جس کے بعد لوگوں کی جانب سے دھڑادھڑ ٹکٹس کی بکنگ کروائی جا رہی ہے۔وہ ٹریول ایجنٹس جو کئی ماہ سے فضائی سفر کی بندش کے باعث بیکار بیٹھے تھے، انہوں نے اب ساری کسر نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ٹریول ایجنٹس کی جانب سے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے امارات کا سفر کرنے والے مسافروں سے ٹکٹس کے منہ مانگے دام طلب کیے جا رہے ہیں۔کئی ٹریول ایجنٹس کی جانب سے تو منافع خوری کی حد ہی ختم کر دی گئی ہے جو ٹکٹس کا 3 سو فیصد زیادہ کرایہ وصول کر رہے ہیں۔ اماراتی حکومت کی جانب سے جونہی بھارت اور پاکستان کے لیے فضائی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا گیا تو ٹریول ایجنٹس نے موقع دیکھتے ہوئے ٹکٹس کی قیمتیں دُگنی تگنی کر دی ہیں۔پاکستان سے امارات تک اکانومی کلاس کا یکطرفہ کرایہ جو 12 سو سے 13 سو ریال تک ہوتا ہے، وہ اس وقت 2 ہزار ریال سے 3ہزار ریال تک پہنچ چکا ہے۔ کراچی کے ایک ٹریول ایجنٹ کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے بعد سے ہی ہزاروں پاکستانی امارات واپس نہیں جا سکے تھے۔ اب جونہی سفری پابندی ہٹائی گئی ہے تو لوگ فوری طور پر امارات واپس پہنچنا چاہتے ہیں کیونکہ کئی افراد کی نوکریاں خطرے میں پڑی ہیں اور کچھ کے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کا ہرج ہو رہا ہے اور کچھ کے کاروباری معاملات بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.