عملے کی دوڑیں لگ گئیں

اسلام آباد ایئرپورٹ پر بن بلائے ’مہمان‘ کی آمد ، عملے کی دوڑیں لگ گئیں

اسلام آباد (09 اگست 2021ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سانپ بر آمد ہوگیا ، عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس وقت غیرمعمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب وہاں ایک عدد زندہ سانپ کو زمین پر رینگتے ہوئے دیکھا گیا ، ایک میٹر لمبے سانپ کو دیکھ کر مسافروں میں خوف پھیل گیا جب کہ عملے کی دوڑیں لگ گئیں ، سانپ کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے اہلکار فوری حرکت میں آئے اور انہوں نے اسٹیٹ لاؤنج کے سامنے موجود سانپ کو چند لمحوں بعد ہی مار دیا۔ دوسری طرف اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بارش کے پانی سے چھت ٹپکنے لگی اور ائیرپورٹ برساتی نالے کا منظر پیش کرنے لگا ، اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بارش کے پانی سے چھت کی سیلنگ ٹپکنے لگی جس کے کچھ دیر بعد ہی چھت کی سیلنگ کا کچھ حصہ زمین پر آ گرا ، امیگریشن سمیت متعدد کاؤنٹرز کی چھتوں سے پانی اندر آیا ، بارش کے پانی سے نہ صرف چھت پر لگی قیمتی سیلنگ گر گئی بلکہ پانی اندر آنے سے کمپیوٹرز اور دیگر قیمتی الیکٹرونکس بھی ناکارہ ہو گئے ، ائیرپورٹ پر نصب کمپیوٹر اور دیگر آلات بھی جل گئے ، بارش کا پانی ائیرپورٹ کے اندر داخل ہونے کے بعد ائیرپورٹ کا عملہ بے یارو مدد گار کھڑا انتظامیہ کی ناکامی اور کارکردگی کا پول کُھلنے کا منظر دیکھتا رہا۔

Sharing is caring!

Comments are closed.