سیاحوں کو ویزے جاری نہیں کرے گا

سعودی عرب فی الحال پاکستانی سیاحوں کو ویزے جاری نہیں کرے گا
سیاحتی ویزوں پر پابندی ہٹنے کے بعد سعودی سول ایشن کا وضاحتی بیان آ گیا، پابندی والے ممالک کے مسافروں کو ویزے جاری نہیں ہوں گے

ریاض( 31 جولائی 2021ء) سعودی حکومت نے کورونا وبا کی وجہ سے مملکت میں سیاحتی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں جس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کے بھی مملکت آنے پر عارضی پابندی عائد ہو گئی تھی۔ تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد وزارت سیاحت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مملکت میں سیاحوں کی آمد پر عاید عارضی پابندی یکم اگست سے بہ تدریج ختم کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب کا سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد یکم اگست سے مملکت کا سفر کر سکیں گے۔تاہم اس حوالے سے ایک بُری خبر یہ ہے کہ پاکستان سمیت ان متعدد ممالک کے شہریوں کو سیاحتی ویزے جاری نہیں ہوں گے جن پر سعودی حکومت نے کورونا وبا کے باعث عارضی سفری پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سعودی سول ایشن نے وضاحت کی ہے کہ صرف انہی ممالک کے سیاحتی ویزے جاری ہوں گے جہاں سے آمد پر پابندی نہیں ہے۔ اس لیے پاکستانی سیاحوں کو فی الحال انتظارکرنا ہو گا۔ وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ صرف ان افراد کو مملکت میں سیاحت کے لیے داخلے کی اجازت ہوگی جو کورونا کی ویکسین لگوا چکے ہوں۔ کرونا ویکسی نیشن کا سرٹیفیکیٹ پیش کرنے پر بنیادی قرنطینہ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو اپنے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ اور 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ بھی پیش کرنا ہو گی۔ بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو اپنے بارے میں ضروری معلومات مندرجہ ذیل ویب لنک پر درج کرانا ہوں گی: “https://muqeem.sa/#/vaccine-registrations/home” اور ’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ انہیں سعودی عرب میں ان پبلک مقامات کی نشاندہی کرنا ہوگی جہاں وہ جانا چاہتے ہیں۔جن لوگوں کی ویکسین مکم ل ہو چکی ہے، وہی مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔ سیاحت کی غرض سے سعودی عرب میں داخلے سے پہلے منظور شدہ ویکسین فائزر،آسٹرا زینیکا یا موڈرنا کی دو خوراکیں لینا ضروری ہیں جبکہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک کافی ہے۔سیاحتی ویزے کے حصول کے لیے visitsaudi.com پر آن لائن رجسٹریشن کی جاسکتی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.