سعودی عرب واپسی کی مشروط اجازت مل گئی

پاکستان میں پھنسے تارکین وطن کو سعودی عرب واپسی کی مشروط اجازت مل گئی

مملکت سے کرونا ویکسین کی 2 ڈوز لگوا کر ایگزٹ ری اینٹری ویزہ پر بیرون ملک جانے والے تارکین کو واپسی کی اجازت ہو گی
ریاض ( 24 اگست 2021ء) پاکستان میں پھنسے تارکین وطن کو سعودی عرب واپسی کی مشروط اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب واپس جانے کے منتظر سعودی ویزہ ہولڈر پاکستانیوں کو سعودی حکومت کی جانب سے بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت نے پاکستان سمیت ایسے تمام ممالک جن پر سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، ان ممالک میں موجود تارکین کو سعودی عرب واپسی کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان، بھارت، انڈونیشیا، مصر، ترکی، ارجنٹینا، برازیل، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات، افغانستان، ویتنام، اتھوپیا اور لبنان میں موجود سعودی ویزہ ہولڈرز مکمل ویکسی نیشن کی شرط پر سعودی عرب واپس آ سکتے ہیں۔یہاں یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ سعودی عرب واپس آنے کے خواہش مند تارکین پر لازم ہے کہ وہ مملکت سے ہی کرونا ویکسین کی 2 ڈوز لگوا کر ایگزٹ ری اینٹری ویزہ پر بیرون ملک گئے ہوں، صرف اسی صورت میں انہیں سعودی عرب واپسی کی اجازت ملے گی تاہم ابھی یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ اس فیصلے کا اطلاق کس تاریخ سے ہو گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان اور بھارت سمیت کئی ممالک پر کئی ماہ سے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ کرونا کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاو کی وجہ سے عائد کردہ سفری پابندیوں نے پاکستان چھٹی پر آئے سینکڑوں سعودی ویزہ ہولڈرز کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر سینکڑوں محنت کش پاکستانیوں کو خدشہ ہے کہ اگر انہیں جلد مملکت واپسی کی اجازت نہ ملی، تو اس صورت میں وہ سعودی عرب میں اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *