ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا مسئلہ حل

متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کیلئے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا مسئلہ حل

فیصل آباد ( 14اگست 2021) متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا مسئلہ حل ہو گیا، فیصل آباد ایئرپورٹ پر امارات جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ شروع ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد : ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ آج سے شروع کردیے جائیں گے، ٹیسٹ کی سہولت کیلئےایئرلائنز کو جگہ فراہم کردی گئی ہے۔فیصل آباد ایئرپورٹ پرریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کیلئےایئرلائنز کو جگہ فراہم کردی گئی ، دبئی اور شارجہ جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ آج سے شروع کردیے جائیں گے۔ایئرپورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کی مختص لیبز کو ایئرپورٹ پر کاونٹرز فراہم کردیے گئے ہیں اور مسافروں کو اپنی پرواز کی روانگی سے 5گھنٹے قبل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایئرپورٹ منیجر نے مزید کہا کہ فیصل آباد سے آج رات دبئی اور شارجہ کیلئے 2پروازیں آپریٹ ہوں گی ، تمام مسافروں کےریپڈ پی سی آرٹیسٹ فیصل آباد ایئرپورٹ سے کیے جائیں گے۔گذشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے 7بڑے ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے لیے ایئرلائنز کو جگہ دی تھی اور ٹیسٹ کرنے والی لیباریٹریز اور ایئرپورٹس پر جگہ کی تفصیلات بھی جاری کردیں۔کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور کوئٹہ ایئرپورٹس پر جگہ فراہم کی گئی ہے۔سی اے اے کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر سندھ لیب ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرے گا۔ کراچی ڈومیسٹک ارائیول لائونج میں بھی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت میسر ہوگی۔خیال رہے کہ ڈی جی(ڈائریکٹر جنرل) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ہدایت پر نجی لیبارٹری کو ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی اجازت دی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن ہیڈ کوراٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی اضافی تعداد کی وجہ سے پی سی آر ریپڈ ٹیسٹنگ میں دشواری کا سامنا ہے، مسائل حل کرنے میں دو ہفتے کا وقت لگ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’ سی اے اے ملک کےتمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایئرلائن کی منتخب کردہ لیبارٹریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، سول ایوی ایشن کی جانب سے کمرشل پائلٹ لائسنس کےاجرا میں پہلے مرحلے میں 50 فیصد اور دوسرے مرحلے میں 25 فیصد سبسڈی دینے کے لیے حکومت کو تجویز پیش کردی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے سی اے اے گوادر سمیت شمالی علاقہ جات کے ایئرپورٹس کو اپ گریڈ کرنے کا عمل شروع کردیا ہے،جس کے پہلے مرحلے میں اسکردو ایئرپورٹ کو عالمی ہوائی اڈے کا درجہ دیا جارہا ہے، جبکہ گلگت میں نئے ایئرپورٹ کے قیام کے لیے جگہ کا تعین کیا جارہا ہے،جس کے بعد بڑے جہازوں کی آمد ممکن ہوسکے گی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.