رکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج

پاکستان 50 ہزار پودوں کے ریکارڈ کی مخالفت کرنیوالے ن لیگی رکن اسمبلی کیخلاف مقدمہ درج
مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ کے خلاف پودے چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا

گوجرانوالہ ( 16 اگست 2021ء ) صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں 50 ہزار پودوں کے ریکارڈ کی مخالفت کرنے والے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی توفیق بٹ کے خلاف پودے چوری کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ، اس حوالے سے ایف آئی آر تھانہ دھلے میں پی ایچ اے کے کیئر ٹیکر عرفان کی مدعیت میں درج کی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ 11 اگست کی شام ساڑھے 4 بجے توفیق بٹ 7 نامعلوم افراد کے ہمراہ کار اور 2 رکشوں پر شاہین آباد آئے جہاں سے وہ ایک ہزار پودے اور ورلڈ ریکارڈ والے پینا فلیکس لے کر فرار ہوگئے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی نے گوجرانوالہ شہر میں 50 ہزار پودے لگانے کی مہم کی مخالفت کی تھی ، ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کے منصوبے پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ نے پنجاب اسمبلی میں درخواست بھی جمع کرائی ، جس کے متن میں کہا گیا کہ جی ٹی روڈ پر بغیر پلاننگ پودے لگائے جارہے ہیں ، بڑی تعداد میں پودوں سے جی ٹی روڈ کے اطراف جنگل بن جائے گا ، جنگل بننے سے سیکورٹی مسائل ہوں گے اور خوبصورتی ختم ہو جائے گی۔تاہم ن لیگی رکن اسمبلی کی مخالفت کے باوجود پاکستان نے صرف ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ، جس کے لیے طلباء نے ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر بھارت کا 37 ہزاد پودے لگانے کا ریکارڈ توڑدیا ، یہ ریکارڈ صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں بنایا گیا جہاں سرکاری اسکولوں کے ساڑھے 12 ہزار طالب علموں نے پودے لگانے کی اس مہم میں حصہ لیا ، اس دوران طالب علموں کے ساتھ 600 ٹیچرز اور 6 ہزار ضلعی انتظامیہ کے عملے نے بھی پودے لگائے۔50 ہزار پودے اندرون شہر جی ٹی روڈ کی گرین بیلٹ پر لگائے گئے اور ریکارڈ ساز کارنامے کے بعد سائرن بھی بجائے گئے جب کہ عالمی ریکارڈ بنانے کی مہم کے آغاز سے پہلے قومی ترانہ بھی بجایا گیا ، اس تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بھی شرکت کی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.