رجسٹریشن کا آغاز کر دیا

اماراتی حکومت نے بیرون ملک کرونا ویکسین لگوانے والوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا

ابوظہبی (10 اگست 2021ء ) اماراتی حکومت نے بیرون ملک کرونا ویکسین لگوانے والوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی حکومت نے پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک کے شہریوں کو متحدہ عرب امارات واپسی کی اجازت دینے کے بعد ایک اور اہم اعلان کیا ہے۔ اماراتی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ تمام مسافر جو متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے کے خواہاں ہیں، وہ اب بیرون ملک لگوائی گئی کرونا ویکسین کی امارات میں رجسٹریشن بھی کروا سکتے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے والے 15 اگست سے رجسٹریشن کروا سکیں گے، صرف اماراتی حکومت کی منظور شدہ کرونا ویکسین لگوانے والے ہی رجسٹریشن کے اہل ہوں گے۔ اپنی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کروانے والوں کو امارات کی وفاقی اتھارٹی آئی سی اے کی ایپ یا ویب سائٹ پر پاسپورٹ،رہائش کی تفصیلات اور ویکسی نیشن کا سرٹیفیکیٹ فراہم کرنا ہوگا، تب ہی رجسٹریشن ممکن ہو گی۔اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ بیرون ملک کروائی گئی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن لازم نہیں ہے، یہ اقدام امارات آنے والے مسافروں کی سہولت کی خاطر اٹھایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اماراتی حکومت نے کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر کئی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ اگر بیرون ملک ویکسین لگوانے والا شخص امارات میں آ کر اپنی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کروائے گا تو اسے نقل و حرکت اور مختلف سرگرمیوں کے حوالے سے وہ تمام آزادیاں میسر ہوں گی جو امارات میں ویکسین لگوانے والے شہریوں کو میسر ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج منگل کے روز ہی خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دُبئی کے حکام نے ان ممالک سے واپس آنے والوں کے لیے ویکسین نیشن سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ’تازہ ترین اپ ڈیٹ‘ کے تحت اس بارے میں بتایا گیا ہے۔ ایک ویزہ ہولڈرنے ایمریٹس کی ویب سائٹ پر سوال پوچھا تھا کہ کیا Covishield کے تحت ویکسین لگوانے والے دُبئی واپس آ سکتے ہیں جس کے جواب میں سپورٹ ٹیم نے اس کے سوال کی تائید کی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.