خواہشمند افغانیوں کیلئے ہدایات جاری

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی امریکا جانے کے خواہشمند افغانیوں کیلئے ہدایات جاری

واشنگٹن(18 اگست2021ء) امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے امریکا جانے والے افغانیوں کیلئے ہدایات جاری کردیں،ہدایت نامے میں کہا گیا کہ امریکا جانے کے خواہشمند افغانی بغیر اطلاع ایئرپورٹ پر نہ آئیں، افغان اپنے ناموں کا اندراج امریکی سفارتخانے میں کرائیں، کس کو کس وقت اور کہاں آنا ہے اس بارے سفارتخانہ آگاہ کرے گا۔تفصیلات کے مطابق امریکا جانے والے افغانیوں کیلئے امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے ہدایات جاری کی ہیں، امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکا جانے کے خواہشمند افغانی بغیر اطلاع ایئرپورٹ پر نہ آئیں، افغان اپنے ناموں کا اندراج امریکی سفارتخانے میں کرائیں، کس کو کس وقت اور کہاں آنا ہے اس بارے سفارتخانہ آگاہ کرے گا۔بغیر اطلاع ایئرپورٹ آنے والے افغانیوں کو امریکا نہیں لے جایا جائے گا۔یاد رہے افغان طالبان کے افغانستان پر قبضے کے بعد 16 اگست کو کابل ایئرپورٹ پر بڑی تعداد میں افغانیوں نے امریکا جانے کی کوشش کی، امریکا جانے کیلئے افغانیوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پہنچ گئی، امریکی سفارتی عملے اور دوسرے لوگوں کو امریکا منتقل کرنے والے چلتے جہاز پر سوار کی کوشش میں 3 نوجوان زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھےتینوں نوجوانوں نے جہاز کے ٹائروں میں چھپ کر کابل سے جانے کی کوشش کی۔ تینوں نوجوان جہاز سے گر گئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ دوسری جانب امریکی فضائیہ نے کہا ہے کہ وہ ان انسانی اعضا کے متعلق چھان بین کر رہی ہے جو افغانستان کے دارالحکومت کابل سے اڑنے والی17سی طیاروں میں سے ایک کے پہیے کے کنارے میں پائے گئے ۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رواں ہفتے کے شروع میں سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصاویر میں کابل چھوڑنے کے لیے بے تاب افغان شہریوں کو سی-17 طیارے کی طرف بھاگتے اور اس کے ساتھ لپٹتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک ایسی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں دو افراد کابل سے اڑان بھرنے والے اس فوجی طیارے سے گرتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔گذشتہ اتوار کے روز امریکی ایئر فورس کا سی 17گولڈ ماسٹر طیارہ ساز و سامان لے کر حامد کرزئی انٹرنیشنل پر اترا تو ابھی وہ سامان اتار بھی نہ پایا تھا کہ ایئرپورٹ سکیورٹی کی خلاف ورزی کرکے ایئرپورٹ کے اس علاقے میں موجود سینکڑوں افغان شہریوں نے طیارے کو گھیر لیا۔امریکی فضائیہ کے مطابق اطراف میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورت حال کے باعث سی 17 کے عملے نے جلد سے جلد ایئرفیلڈ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فضائیہ کا خصوصی تفتیشی دفتر طیارے اور انسانی جانوں کے ضیاع کے حوالے سے معلومات کا جائزہ لے رہا ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.