بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو کورونا

بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو کورونا بوسٹر ڈوز لگانے کی تجویز
دنیا کے بیشتر ممالک سائنو فارم اور سائنو ویک تسلیم نہیں کر رہے ، اس لیے بیرون ملک جانے کے خواہشمند ویکسی نیٹڈ افراد کو بوسٹر ڈوز کی تیسری اور چوتھی خوراک لگانے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع محکمہ صحت پنجاب

لاہور (15 اگست 2021ء ) محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کو کورونا بوسٹر ڈوز لگانے کی تجویز دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے کہا گیا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک سائنو فارم اور سائنو ویک تسلیم نہیں کر رہے ، اس لیے بوسٹر ڈوز لگانا چاہتے ہیں تاکہ وہ بیرون ملک سفر کرسکیں ، جس کے لیے بیرون ملک جانے کے خواہشمند ویکسی نیٹڈ افراد کو بوسٹر ڈوز کی تیسری اور چوتھی خوراک لگانے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ بوسٹر ڈوز بیرون ملک جانے کے خواہشمند افراد کی سہولت کیلئے ہوگی ، اس ضمن میں محکمہ صحت پنجاب نے اجازت کیلئے این سی او سی کو خط لکھ دیا ہے ، اجازت ملنے کی صورت میں محرم الحرام کے بعد اگست میں بوسٹرز لگنے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور کورونا کی شدت کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی تمام اقسام کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 28 دن کر دیا ، این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں لگنے والی کورونا ویکسین کی تمام اقسام کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 دن سے کم کرکے 28 دن کر دیا گیا ہے ، فیصلہ وزارت صحت اور طبی ما ہر ین کی مشاورت کے بعد کیا گیا ، اس کے علاوہ 10ستمبر کے بعد فضائی سفر کیلئے مکمل ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے جب کہ 10ستمبر کے بعد ویکسی نیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ بھی کار آمد نہیں ہوگا۔ دوسری طرف ملک بھر میں عالمی وباء کورونا کے وار جاری ہیں اور مزید 67 افراد جاں بحق ہوگئے ، اموات کی مجموعی تعداد 24 ہزار 406 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 ہزار 204 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اس دوران کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 8 فیصد رہی اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 3 ہزار 711 کورونا کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 98 ہزار 410 ہو گئی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.