پاکستانی روپے کی بہت بڑی چھلانگ

عید کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپے کی بہت بڑی چھلانگ
پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.70روپے کی بڑی گراوٹ، امریکی کرنسی کی قیمت خرید 162.20 روپے سے گھٹ کر 160.50 روپے جبکہ قیمت فروخت 162.30روپے سے گھٹ کر160.60روپے پر آ گئی

کراچی ( 26 جولائی2021ء) عید کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپے کی بہت بڑی چھلانگ۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے بعد جمعہ کے کاروباری روز کے دوران پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 9 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ تاہم آج بروز پیر کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستانی روپیہ تگڑا کم بیک کرنے میں کامیاب ہوا۔پیر کے روز انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیر کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قد ر میں کمی کا رجحان رہا جس کی وجہ سے پاکستانی روپیہ تگڑا ہو گیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں1.70روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 162.20روپے سے گھٹ کر160.50روپے اور قیمت فروخت 62.30روپے سے گھٹ کر160.60روپے پر آ گئی۔اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں80پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 161.80 روپے سے کم ہو کر161روپے اور قیمت فروخت162.30روپے سے کم ہو کر161.50روپے پر آ گئی ۔ ذرائع کے مطابق پیر کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ہونے والی کمی حالیہ کچھ عرصے کے بعد ایک دن کے دوران امریکی کرنسی کی قیمت میں سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ جبکہ فاریکس رپورٹ کے مطابق ڈالر کے علاوہ دیگر کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.