قبرستانوں میں مفت تدفین کا حکم دے دیا

لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، حکومت کو قبرستانوں میں مفت تدفین کا حکم دے دیا
شہری زندگی بھر ٹیکس دیتا ہے اور مرتے وقت بھی اس سے قبر اور دیگر اشیاء کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہری کی تدفین کا خرچہ اٹھائے، انتظامیہ قبرستان تک تدفین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ بھی فراہم کرے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ قاسم خان نے فیصلہ سنادیا

لاہور ( 03 جولائی2021ء) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو قبرستانوں میں مفت تدفین کا حکم دے دیا ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم خان نے فیصلے میں کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہری کی تدفین کا خرچہ اٹھائے، انتظامیہ قبرستان تک تدفین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ بھی فراہم کرے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے ایک کیس کی سماعت کے لیے 8 صفحات پر مشتمل تحریری عبوری فیصلہ جاری کیا

، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ شہری ساری زندگی حکومت کو مختلف اشیاء خریدنے پر ٹیکس ادا کرتا ہے، مرتے وقت بھی اس سے قبر اور دیگر اشیاء کے نام پر پیسے لیے جاتے ہیں، حکومت کو بحیثیت مسلمان روایات اور اسلامی قوانین کی روشنی میں قبرستانوں کے حوالے سے اقدامات کرنے چاہئیں کیوں کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ متعلقہ شہری کی تدفین کا خرچہ اٹھائے ، انتظامیہ قبرستان تک تدفین کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرے، اس کے علاوہ انتظامیہ قبرستانوں کی دیکھ بھال اور درخت لگانے کے حوالے سے بھی اقدامات کرے۔عدالتی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پنجاب کے 4 شہروں میں فوری طور پر ماڈل قبرستان قائم کیے جائیں، شہر خاموشاں اتھارٹی کو مکمل اختیارات کے ساتھ فعال کیا جائے، جس کے لیے اتھارٹی میں پڑھ لکھے افراد کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ اپنے فیصلے میں چیف جسٹس نے احادیث اور بین الاقوامی قوانین کو بھی اپنے فیصلے کا حصہ بنایا، عدالت نے اپنے فیصلے میں ناصرف ایل ڈی اے کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں قبرستانوں کی جگہ مختص کرنا لازمی قرار دیا اس کے علاوہ عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت پر سب رجسٹرار پراپرٹیز کو اصلی دستاویزات پیش کرنے کا حکم بھی دیا ، کیس کی مزید سماعت 27 جولائی کو ہوگی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.