اکاؤنٹ سے متعلق خبردار کر دیا گیا

سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کوابشر اکاؤنٹ سے متعلق خبردار کر دیا گیا
ابشر پلیٹ فارم کے اکاؤنٹ میں درج موبائل نمبر کسی اور کا اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے استعمال نہ کیا جائے

ریاض(10 جولائی 2021ء) سعودی عرب ٹیکنالوجی کے میدان میں نت نئی منازل طے کر رہا ہے۔ سعودی حکومت کی جدت کی جانب بڑھنے والی پالیسیاں رنگ لانے لگی ہیں، جس کے نتیجے میں بیشتر شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کا نفاذ ہو چکا ہے۔ ایک ایسی ہی تازہ ترین سہولت توکلنا ایپ ہے جس سے خصوصاً تارکین کو بہت زیادہ فائدہ ہو رہا ہے۔ابشر پلیٹ فارم بھی ایسی ہی ایک آن لائن سہولت ہے جہاں پرسعودی شہریوں اور مقیم تارکین کو 2 سو سے زائد خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں محکمہ پاسپورٹ، محکمہ احوال مدنیہ(میونسپلٹی)، محکمہ جیل خانہ جات، محکمہ ٹریفک، محکمہ اسلحہ سمیت متعدد ادارے و محکمے شامل ہیں۔ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے مملکت میں مقیم تمام افراد کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ انہوں نے اپنے ابشر اکاؤنٹ میں جو موبائل نمبر درج کرایا ہے، وہ بس اپنے اکاؤنٹ تک ہی محدود رکھیں۔کسی جاننے والے یا ساتھی کارکن کا ابشر اکاؤنٹ بنانے کے دوران اس موبائل نمبر کا استعمال نہ کیا جائے ، ورنہ بڑی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔ ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اکاؤنٹ میں رجسٹرڈ اور موثر موبائل نمبر کو جو لوگ کسی اور کے اکاؤنٹ کی رجسٹریشن کے لیے بھی استعمال کریں گے، وہ بڑی مشکل میں گرفتار ہو سکتے ہیں۔اس خلاف ورزی میں ملوث فرد کا اکاؤنٹ فوری طور پر معطل ہو جائے گا۔ جسے دوبارہ فعال کرانے کے لیے آٹومیٹک سروس مشین کے ذریعے موبائل نمبر اپ ڈیٹ کرانا ہو گا۔ اس وقت ابشر پلیٹ فارم کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد 1 کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔محکمہ ٹریفک نے ابشر پلیٹ فارم پر ’رخصة فی جوالک‘ (آپ کا ڈرائیونگ لائسنس آپ کے موبائل میں) کے نام سے جدید ترین سہولت متعارف کرا دی ہے۔اب تمام ڈرائیورز ٹریفک حکام کو توکلنا ایپ پر اپنا ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس دکھا سکیں گے۔اس سہولت کی وجہ سے کاغذی ڈرائیونگ لائسنس گم جانے کا خدشہ بھی کم ہو گیا ہے۔ ڈرائیورز کے پاس بس اپنا موبائل ہونا لازمی ہوگا جس میں توکلنا ایپ کے ذریعے ٹریفک اہلکاروں کو ای ڈرائیونگ لائسنس دکھایا جا سکے گا۔حکام کے مطابق مختلف سروسز کے لیے توکلنا ایپ استعمال کرنے والوں کی گنتی 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.