پاکستانیوں کے لیے اُمید بھری خبر آ گئی

امارات واپسی کے منتظر پاکستانیوں کے لیے اُمید بھری خبر آ گئی
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اماراتی حکام سے رابطے میں ہیں ، پاکستانی مسافروں پر عائد پابندیاں جلد ہٹنے کا امکان ہے

دُبئی(۔30جون2021ء) متحدہ عرب امارات کی جانب سے 12 مئی سے پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے آنے والی مسافر پروازوں پر بھی عائد کی گئی تھی۔جس کی وجہ ان ممالک میں کورونا کیسزمیں اضافہ بتائی گئی تھی۔ چند روز پہلے حکام نے پاکستانی مسافروں کے امارات واپسی پر عائد پابندی کی مُدت میں 7 جولائی تک توسیع کی تھی تاہم اب نئے اعلان کے مطابق یہ پابندی بڑھا کر21 جولائی تک کر دی گئی ہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے اماراتی ویزہ ہولڈرز بڑی پریشانی کا شکار ہیں اور انہیں اپنی نوکریاں ختم ہونے کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ تاہم پاکستانی حکام نے ان مایوس ویزہ ہولڈرز کو اُمید بھری خبر سُنا دی ہے۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے بتایا ہے کہ پاکستانیوں کے امارات کے سفر پر عائد پابندی کے معاملے پر اماراتی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اماراتی ہم منصب کے ساتھ حالیہ بات چیت میں اس مسئلے کو اُجاگر کیا ہے۔ اس حوالے سے اچھی اُمید رکھنی چاہیے کیونکہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں بہت تیزی سے کمی آئی ہے۔ اُمید ہے کہ امارات پاکستانیوں پر عائد سفری پابندیوں کا جائزہ لے گا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں۔ امارات نے بھارت اور پاکستان سمیت 14 ممالک سے مسافر پروازوں کی آمد پر عائد پابندی کی مُدت میں21 جولائی تک جو پھر توسیع کی ہے اس کا مطلب ہے کہ اب عید الاضحی سے پہلے امارات واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اور یہ امکان بھی ہے کہ 21 جولائی کے بعد پابندی میں مزید توسیع ہو سکتی ہے۔ اس فیصلے نے ہزاروں پاکستانیوں کو مایوس کر دیا ہے۔ کیونکہ امارات جلد واپسی نہ ہونے سے ان کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.