وفاداریاں تبدیل کروانے کا الزام

مریم اورنگزیب کا کشمیر الیکشن کیلئے امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل کروانے کا الزام

جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان میں بھی لوٹے بنائے گئے جو اپنے حلقوں میں بھی نہیں جاسکتے، کشمیری عوام ان لوٹوں کو قبول نہیں کریں گے۔ ترجمان مسلم لیگ ن
اسلام آباد( 19 جون2021ء) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کشمیر الیکشن سے قبل پارٹی امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل کروانے کا الزام عائد کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان میں بھی لوٹے بنائے گئے جو اپنے حلقوں میں بھی نہیں جاسکتے، کشمیری عوام ان لوٹوں کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی وفاداریاں تبدیل کروائی جارہی ہیں، کشمیری عوام دیکھ رہے ہیں کس طرح وفاداریاں تبدیل کراکے لوٹے بنائے جارہے ہیں، الیکشن 2018ء میں جنوبی پنجاب میں لوٹے بنائے گئے جو اب اپنے حلقے میں بھی نہیں جاسکتے۔ گلگت بلتستان میں بھی جتنے لوٹے تھے سب الیکشن ہار گئے۔ وفاداری تبدیل کرنے والے وزیر ہماری پارٹی کے ساتھ منسلک رہے اور مراعات بھی لیتے رہے۔ وفاداریاں تبدیل کرکے لوٹا بننے والوں کو کشمیری عوام قبول نہیں کرتے۔ واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کابینہ کے اہم رکن سردار میر اکبر خان نے مسلم لیگ نواز سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ سردار میر اکبر خان کا ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اصولی فیصلہ کرلیا، چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ خان نیازی سے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی گئی، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس بھی ملاقات میں شریک ہوئے ،سردار میر اکبر خان نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔پاکستان تحریک انصاف نے سردار میر اکبر خان کو ایل ای-16 باغ سے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ۔

Sharing is caring!

Comments are closed.