ویکسین لگوانے والے مسافروں کو بڑی سہولت دے دی

متحدہ عرب امارات اور بحرین نے ویکسین لگوانے والے مسافروں کو بڑی سہولت دے دی
امارات اور بحرین کے مسافروں کو دونوں ممالک کا سفر کرنے پر قرنطینہ کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے

دُبئی(11 مئی2021ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 1 کروڑ 11 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔اتنی بڑی گنتی میں ویکسین لگانے کی وجہ سے یومیہ کیسز میں بہت بڑی کمی آئی ہے۔ اماراتی حکومت ویکسین لگوانے والوں کے لیے کئی رعایتوں کا اعلان کر رہی ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ گنتی میں ویکسین لگوانے کو ترجیح دیں۔اماراتی حکومت نے ایک اور شاندار فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امارات سے بحرین اور بحرین سے امارات کا سفر کرنے والے ایسے مسافروں کو شاندار رعایت دی گئی ہے، جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہیں۔ اماراتی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق یو اے ای اور بحرین نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے ایک ”محفوظ سفری راہداری“ قائم کردی ہے۔دونوں ملکوں کی جانب سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والے افرادکو عید الفطر کی تعطیلات میں بڑی رعایت دی گئی ہے۔ عید کی چھٹیوں میں ویکسین لگوا چکے مسافر دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ سفر کرسکیں گے۔ان مسافروں کو ایک ملک سے دوسرے ملک آمد کے موقع پرقرنطینہ میں رہنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ تاہم انہیں میزبان ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر عائد کیے گئے ایس او پیز اور دیگر احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔ اماراتی حکومت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امارات اور بحرین کے جو شہری اور تارکین وطن اس استثنائی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،انہیں اپنی آمد پرایئرپورٹ حکام کو ثبوت کے طور پرکورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کا سرٹیفیکیٹ دکھانا ہوگا۔

Sharing is caring!

Comments are closed.