سعودی عرب کے ثمرات ملنا شروع

وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے ثمرات ملنا شروع
سعودی عرب کی کاروباری شخصیات نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کر دی

اسلام آباد ( 11 مئی 2021ء) : وزیراعظم عمران خان تین روزہ دورے پر سعودی عرب گئے جس کے بعد اپنا کامیاب دورہ مکمل کر کے گذشتہ روز وطن واپس پہنچے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محم بن سلمان اور امام کعبہ سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ تاہم اب وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے ثمرات بھی ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب کی کاروباری شخصیات نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے دوران کاروباری شخصیات نے وزیراعظم سےملاقات کی تھی۔ کاروباری شخصیت میں خالدالجفیل اور پاکستانی تاجرعمران چوہدری شامل تھے جبکہ وزیرخارجہ، گورنراسٹیٹ بینک، فیصل جاوید، حکومتی وفد بھی شریک ہوا تھا۔ سعودی وزیر اور معروف کاروباری شخصیات وزیراعظم کےاعزاز میں عشائیہ میں بھی شریک تھے، سعودی کاروباری شخصیات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھاتے رہے ہیں، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری شروع کی جائے، حکومت کی جانب سے کاروباری طبقے کے لیے اقدامات تسلی بخش ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے، حکومت ون ونڈوآپریشن کے ذریعے رکاوٹیں ختم کرچکی ہے۔
جس پر سعودی کاروباری شخصیات نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا عندیہ بھی دیا، جبکہ اس حوالے سے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سے سعودی کاروباری شخصیات کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جلد ہی دو طرفہ رابطے تیز ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے اعتماد مل رہا ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.