عمران خان کو کرشماتی لیڈر قرار دے دیا

سابق سعودی سفیر نے وزیر اعظم عمران خان کو کرشماتی لیڈر قرار دے دیا
عواض العسیری نے اپنے کالم میں لکھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان اور عمران خان میں ذاتی سطح پر گہری دوستی قائم ہو چکی ہے، پہلی بار سعودیہ پاکستان کی طویل مُدتی معاشی ترقی میں دلچسپی لے رہا ہے

ریاض( 18مئی2021ء) پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورے کے بعد ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔پاکستان میں تعینات سابق سعودی سفیر ڈاکٹر علی عواض العسیری نے اپنے ایک کالم میں وزیر اعظم عمران خان کو کرشماتی شخصیت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے اسلام کا قلب ہے اور رہے گا اور کوئی دوسرا ملک اس کا دعویٰ نہیں کر سکتا ہے۔سعودی پاکستان تعلقات ان کے عوام کے ایک دوسرے سے محبت اور پیار سے پیوستہ ہیں اور ان کی قدرتی طور پر تاریخی شراکت داری میں کوئی سازش رکاوٹ نہیں بن سکتی ہے۔اُردو نیوز کے مطابق عواض العسیری نے مزید کہا کہ درحقیقت عمران خان کو ادائیگیوں میں توازن کا سنگین بحران ورثے میں ملا تھا۔چنانچہ سعودی عرب نے 6.2 ارب ڈالر کے مالیاتی ریلیف پیکج کی پیش کش کی۔جس میں 3 ارب ڈالر کا قرضہ اور 3.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی شامل تھے۔ریاض کے نقش قدم پر چلتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کو 6 ارب ڈالر کی اضافی مدد کی پیش کش کی۔فروری 2019 میں جب سعودی ولی عہد نے پاکستان کا دورہ کیا تو عمران خان خود گاڑی چلا کر انہیں وزیراعظم ہاوٴس تک لے کر گئے۔ایک اور مثال جو دونوں کرشماتی رہنماوٴں کے مابین ذاتی تعلق کی علامت ہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خوشی سے پاکستانی وزیراعظم سے کہا کہ ’میں سعودی عرب میں آپ کا سفیر ہوں۔‘ (اس سال کے آخر میں سعودی ولی عہد نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں جانے کے لیے عمران خان کو اپنے ذاتی جہاز کی پیش کش کی۔ یہاں تک کہ سنہ 2020 میں جب مختصر عرصے کے لیے سعودی پاکستان تعلقات ایک مشکل دور سے گزر رہے تھے، عمران خان نے اعلان کیا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ قریبی دوست رہیں گے۔‘)سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے سنہ 2019 کے تاریخی دورے کے دوران سعودی-پاکستان کے معاشی میدان میں تزویراتی تعلقات میں پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے اعلان کے ساتھ ایک بڑی تبدیلی دیکھی گئی۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *