عید کا شاندار تحفہ مل گیا

امارات میں مقیم افراد کو عید کا شاندار تحفہ مل گیا
ابوظبی اور دُبئی میں عید الفطر کی تعطیلات پر پارکنگ اور ٹول گیٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی

ابوظبی( 10مئی2021ء) عید الفطر خوشیوں کا تہوار ہے۔ سب لوگ خوشیاں بانٹتے اور سمیٹتے ہیں۔ امارات کی حکومت نے بھی اس خوشیوں بھرے تہوار کے موقع پر ایسا اعلان کر دیا ہے جس سے لاکھوں افراد کے چہروں پر خوشیاں بکھر گئی ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دُبئی اور ابوظبی میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران تمام پبلک پارکنگ مفت کر دی گئی ہیں۔ دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں 29 رمضان المبارک سے 3 شوال المکرم تک تمام مقامات پر پارکنگ مفت ہوگی تاہم صرف ملٹی لیول پارکنگ ٹرمینل پر فری پارکنگ کی سہولت موجود نہیں ہو گی۔ اگر رمضان کے 30 روزے ہوئے تو 11مئی سے 15 مئی تک پانچ روز مفت پارکنگ کی سہولت دستیاب ہوگی،لیکن 20 روزوں کے بعد عید ہونے کی صورت میں چار روز یعنی 11 مئی سے 14 مئی تک پارکنگ فیس معاف ہو گی۔ یہ بات یاد رہے کہ اس بار 30 روز پورے ہونے کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔ ابوظبی کے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITC)کی جانب سے 29 رمضان المبارک سے 3 شوال تک تمام مقامات پر مفت پارکنگ کی خوش خبری دی گئی ہے، جس میں مصفہ انڈسٹریل پارکنگ لاٹ M18بھی شامل ہے۔البتہ ممنوعہ علاقوں میں مفت پارکنگ کی سہولت نہیں ہو گی اور کسی کو ان تعطیلات کے دوران سڑک پر گاڑی کھڑی کر کے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی اجازت بھی نہیں ہو گی۔

Sharing is caring!

Comments are closed.