ویک اینڈ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے؟

کیا یو اے ای میں ویک اینڈ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے؟
سوشل میڈیا پرویک اینڈ جمعہ ہفتہ کی بجائے ہفتہ اتوار میں تبدیل کرنے کی خبروں پر اماراتی حکام نے بیان جاری کر دیا

دُبئی( 8مئی2021ء) متحدہ عرب امارات میں ویک اینڈ جمعہ اور ہفتہ کے روز ہوتا ہے ۔ ماضی میں ویک اینڈ جمعرات اور جمعہ کو ہوتا تھا، تاہم بین الاقوامی تجارت کے پیش نظر آج سے پندرہ سال پہلے ویک اینڈ بدل کر جمعہ اور ہفتہ کے روز مقرر کیا گیا تھا۔ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے حوالے سے ایک خبر گردش کر رہی ہے جس کے مطابق اماراتی حکومت نے ویک اینڈ تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب دُنیا بھر کے بیشتر ممالک کی طرح ویک اینڈ ہفتہ اور اتوار کے روز ہو گا۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑ گئی ہے۔ یہ خبر بھی بہت زیادہ وائرل ہو چکی ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ جمعہ کی چھُٹی اور اس دن کی حُرمت کے باعث ویک اینڈ کو بدلنا مناسب نہیں ہوگا۔حکومت نے اگر کوئی ایسا فیصلہ کر لیا ہے تو اسے تبدیل کر لینا چاہیے کیونکہ لوگ چھُٹی کی وجہ سے سکون اور تسلی سے جمعہ ادا کر سکتے ہیں۔تاہم کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی معاشی سرگرمیوں سے پوری طرح منسلک ہونے کے لیے یہ فیصلہ بہترین ثابت ہوگا۔ یہ بحث اپنی جگہ ، تاہم اماراتی حکومت نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس خبر پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر ویک اینڈ بدلنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبر سراسر بے بنیاد ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.