دُبئی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے

دُبئی میں ماسک نہ پہننے والے ڈرائیورز کو صرف موقع پر جرمانہ عائد کیا جائے گا
پولیس کے مطابق گاڑی میں اکیلے ہونے پر ماسک کی پابندی ضروری نہیں ہو گی

دُبئی(17مئی2021ء) دُبئی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ماسک نہ پہننے والے ڈرائیورز پر صرف موقع پرہی جرمانہ ہو سکے گا۔ بعد میں کوئی جرمانہ عائد نہیں ہو گا۔ روڈز پر موجود ٹریفک پولیس کا اہلکار ماسک نہ پہننے کی خلاف ورزی نوٹ کرنے کے بعد موقع پرجرمانہ کرے گا۔ تاہم گاڑی میں اکیلا ڈرائیور بیٹھا ہو تو اس پر ماسک پہننا لازمی نہیں ہے۔اگر کسی ڈرائیور کو ماسک کی پابندی نہ کرنے پر بعد میں جرمانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے تو وہ جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک سے رابطہ کر کے یہ جرمانہ ختم کروا سکتا ہے۔ اگر کسی گاڑی میں ڈرائیور کے علاوہ بھی لوگ بیٹھے ہیں تو ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار چیک کرے گا کہ یہ سب لوگ ایک ہی گھرانے کے فرد ہیں یا اجنبی ہیں۔اگر گاڑی میں موجود مسافر ایک ہی گھر کے افراد نہ ہوئے تو پھر ان میں جتنے بھی افراد بغیر ماسک کے ہوں گے، ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ڈیلی گلف اُردو کے مطابق دُبئی پولیس کی جانب سے کارکنان کی بسوں کی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے ، جہاں ماسک یا سماجی فاصلے کی خلاف ورزی نظر آنے پر فوری جرمانے ہو رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق اب نصیحت اور وارننگ کا وقت گزر گیا ہے جو بھی سیفٹی پروٹوکولز پر عمل نہیں کرے گا، اس پر لازمی جرمانہ عائد ہوگا۔ کیونکہ کمیونٹی کو کورونا وبا سے بچانے کے لیے یہ اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔دُبئی پولیس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مملکت بھر میں کورونا کیسز میں کمی لانے کے لیے آگاہی، عزم اور لوگوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسین لگوانا بہت ضروری ہے۔ تمام افراد کو نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ لوگوں کو اپنے رشتہ داروں کے گھر جانے سے باز رہنا ہو گا۔ خاندانی اور سماجی تقریبات سے گریز کریں۔ سماجی فاصلے کا ہر وقت خیال کریں۔ گھر سے باہر ماسک ضرور پہنیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.