عمران خان سے 3 مطالبات کا انکشاف

طاقتور حلقوں کے وزیراعظم عمران خان سے 3 مطالبات کا انکشاف
جہانگیر ترین گروپ بھی اسی حوالے سے دباؤ بڑھانے کیلیے بنایا گیا ہے۔ سینئر تجزیہ کار عدنان عادل کا دعویٰ

اسلام آباد ( 19 مئی2021ء ) طاقتور حلقوں کے وزیراعظم عمران خان سے 3 مطالبات کا انکشاف ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار عدنان عادل نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے طاقتور حلقوں کے وزیراعظم عمران خان سے 3 مطالبات ہیں، جہانگیر ترین گروپ بھی اسی حوالے سے دباؤ بڑھانے کیلیے بنایا گیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ طاقتور حلقوں کے 3 مطالبات میں ایک یہ ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو ملک سے باہر جانے دیا جائے، دوسرا مطالبہ یہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی جگہ موثر وزیراعلی لایا جائے جب کہ تیسرا اور آخری مطالبہ یہ ہے کہ سیاستدانوں کے احتساب کو کولڈ اسٹوریج میں ڈال دیا جائے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام ہو۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان جہانگیر خان کے ہم خیال سیاستدانوں نے جہانگیر ترین گروپ کے باقاعدہ قیام کا اعلان کیا، جہانگیر ترین گروپ نے فوری طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرز بھی مقرر کردیے ہیں، پنجاب اسمبلی کے رکن نذیر چوہان کے مطابق راجہ ریاض کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر جبکہ سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔اس کے علاوہ جہانگیر ترین گروپ نے تین رکنی مذاکراتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جس کے اراکین میں راجہ ریاض، نعمان لنگڑیال اور وہ خود شامل ہیں ، جہانگیر ترین گروپ کے باضابطہ گروپ کے قیام کا اعلان جہانگیر ترین کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں کیا گیا، اسی حوالے سے جہانگیر ترین گروپ کے قیام سے متعلق وزیراعظم ہاؤس نے رپورٹ طلب کر لی ہے، جہانگیرترین گروپ نے کس حیثیت سے قومی و صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر کیے؟ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ بجھوائیں گے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.