رضامندی ظاہر کردی

سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کو ادھار تیل دینے پر رضامندی ظاہر کردی
سالانہ 3 ارب ڈالر تک مؤخر ادائیگی کا اصولی فیصلہ ہوگیا جس کا طریقہ کار جلد طے کر لیا جائے گا۔ ذرائع

اسلام آباد ( 19 مئی 2021ء ) سعودی عرب نے ایک بار پھر پاکستان کو ادھار تیل دینے پر رضامندی ظاہر کردی ، سالانہ 3 ارب ڈالر تک مؤخر ادائیگی کا اصولی فیصلہ ہوگیا جس کا طریقہ کار جلد طے کر لیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان کی جانب سے توسیعی مدت کے لیے ایک بار پھر موخر ادائیگیوں پر سعودی آئل سہولت دوبارہ شروع کرنے کی درخواست کی گئی، جس پر سعودی حکام نے اصولی طور پر منظوری پر اتفاق کیا ہے جس کی مزید تفصیلات فریقین کے درمیان باضابطہ معاہدہ ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔میڈیا ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہاں یہ تقریباً ہو چکا ہے، سعودی عرب کی آئل سہولت کی بحالی کے لیے 3 سے 5 سال کی مدت کے معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کو آئندہ بجٹ میں سہولت ملے گی۔دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پاکستانیوں کے لیے خوشخبریوں کی نوید قرار دے دیا ، ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا دورۂ سعودی عرب انتہائی سود مند رہا ہے ، ماہِ رمضان کی برکتیں اس میں شامل تھیں ، وزیراعظم عمران خان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا ، وزیراعظم کی محمد بن سلمان سے تفصیلی ملاقات ہوئی ، 5 معاہدوں پر دستخط ہوئے ، ہم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ دورے کے دوران 5 اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ، ایک معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا ، 2 معاہدے قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے جن پر وزیر خارجہ شیخ رشید احمد نے دستخط کیے ، 2 معاہدوں پر میں نے دستخط کیے ، ان میں سے ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا جب کہ دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا ، اس رقم کو پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *