اہم رعایت کا اعلان کر دیا

اماراتی حکام نے ویزہ پالیسی سے متعلق اہم رعایت کا اعلان کر دیا
حکام نے سیاحوں کے 18 سال سے کم عمر بچوں پر عائد ویزہ فیس ختم کر دی

دُبئی( 20مئی2021ء) متحدہ عرب امارات نے سیاحت سے متعلق ویزہ پالیسی میں اہم تبدیلی کر دی ہے جس کے تحت سیاحوں کو کم عمر بچوں کو ساتھ لانے پر ویزہ فیس کی ادائیگی نہیں کرنا ہوگی۔ اگرچہ یہ رعایت محدود مُدت کے لیے ہے تاہم اس سے لاکھوں سیاح فائدہ اُٹھا سکیں گے۔اماراتی حکام کے مطابق یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کو تعلیمی اور سیاحتی اعتبار سے پُرکشش مقام بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ جولائی سے ستمبر کے دوران امارات میں سیاحتی سیزن عروج پر ہوتا ہے۔ فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (ICA)کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دو ماہ کے لیے بین الاقوامی سیاحوں کو بڑی رعایت دی جا رہی ہے جس کے تحت سیاحوں کے ساتھ آنے والے 18 سال سے کم عمر بچوں کے ویزے فری ہوں گے، اس مد میں ان سے کوئی فیس نہیں وصول کی جائے گی۔ ICA کے مطابق یہ رعایت 15 جولائی سے 15 ستمبر تک حاصل ہو گی۔ یہ رعایت محدود مُدت اور طویل مُدت دونوں طرح کے سیاحتی ویزوں پر آنے والے افراد کو حاصل ہو گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ جن افراد نے اس خاص مُدت کے دوران سیاحتی ویزہ حاصل کیا ہوگا وہ اپنے بیٹوں بیٹیوں کا ویزہ مفت حاصل کر کے امارات آ سکیں گے۔ یہ فیصلہ 2019ء میں لیا گیا تھا ، جس کے تحت پہلے 2019ء میں15 جولائی سے 15 ستمبر کے دوران کم عمر بچوں کو رعایت دی گئی تھی۔ 2020ء میں بھی یہ اسکیم لاگو کی گئی، اب مسلسل تیسرے سال بھی اس اسکیم سے ہزاروں سیاح فائدہ اُٹھا سکیں گے۔ دوسری جانب پاکستانی حکومت نے خلیجی ممالک میں مقیم 50 لاکھ کے قریب پاکستانیوں کو شاندار سہولت دے دی ہے۔ سعودیہ، امارات، عمان، بحرین اور قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں نے مختار نامہ، پیدائشی سرٹیفکیٹس، تعلیمی اسناد، نکاح نامہ، فارم ب اور دیگر کاغذات کی تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کی تصدیقی مہر سے استثنیٰ دے دیا ہے۔سفارت خانوں نے کئی ایک کاغذات کی تصدیق کے لیے متعلقہ فرد کو ذاتی طور پر حاضر ہونے سے بھی استثنیٰ دیا ہے۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *