اس بار پورے روزے ہوں گے

پاکستان میں اس بار پورے روزے ہوں گے
پاکستان میں روزے 30 اور عید الفطر بروز جمعہ 14 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر جاوید اقبال کا بیان

لاہور(26اپریل 2021) پاکستان میں روزے 30 اور عید الفطر بروز جمعہ 14 مئی کو ہونے کا امکان ہے۔جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر جاوید اقبال کے مطابق شوال 1442 ہجری کا نیا چاند 11 اور 12 مئی کی درمیانی شب کو تقریبا 12 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا یعنی اس وقت چاند کا کنجکشن ہوگا ،جب 12 مئی کی شام سورج غروب ہوگا اس وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 31 منٹ ہو گی۔ غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان وقت صرف 36 منٹ ہوگا۔غروب آفتاب کے وقت چاند افق سے تقریبا 6 اعشاریہ 5 ڈگری پر ہوگا لہٰذا 12 مئی کی شام کو غروب آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔لہذا اس بات کا قوی مکان ہے کہ اس بار روزے پورے تیس ہوں گے اور عید 14 مئی کو ہوگی۔قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ اس سال پاکستان میں ایک ہی دن روزہ اور عید ہوگی۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں تمام مساجد اور مدرسے کھلے رہیں گے۔ رمضان المبارک میں احتیاطی تدابیر کا خیال رکھیں۔ گزشتہ سال کی کورونا ایس اوپیز پر اس بار بھی عمل درآمد ہوگا۔ پورے ملک کی مساجد اور مدارس میں ایس او پیز پرعمل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی مسجد یا مدرسے کو بند نہیں کیا جائےگا، حکومت کسی مدرسے یا مسجد پر قبضہ نہیں کر رہی، موجودہ حکومت میں تمام علماء، مساجد اور مدرسے پہلے سے زیادہ محفوظ ہیں۔اس معاملے پر براہ راست مناظرے کیلئے بھی تیار ہوں کہ ہمارےعلماء زیادہ محفوظ ہیں۔ مساجد اور مدرسوں کی رجسٹریشن منسوخی کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ اس بار پورے پاکستان میں ایک ہی دن رمضان اور ایک ہی دن عید کا اعلان کریں گے۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *