مسجد نبوی کی خدمت میں گزار دیئے

”در نبی کا خادم ہو تو ایسا ہو، 40 سال مسجد نبوی کی خدمت میں گزار دیئے“
نبی کے عاشق، بابا بخش طوطہ بوڑھے ہونے کے باوجود مسجد نبوی کی طہارت و نظافت کی خدمات انجام دے رہے ہیں

مدینہ منورہ(اُ اپریل2021ء) دُنیا کا کوئی بھی مسلمان ہو، جب تک نبی کریم سے محبت اور عقیدت میں پُورا نہیں ہوگا، اسے رب کی خوشنودی حاصل نہیں ہو گی، اس کی تمام عبادتیں اور دُعائیں بھی قبولیت حاصل نہیں کر پائیں گی۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب ﷺ سے کائنات کی سب مخلوقات سے بڑھ کر محبت کرتا ہے۔ بہت خوش نصیب ہیں وہ جو حضورﷺ سے محبت کی انتہا پر پہنچ کر ایک مثال بن جاتے ہیں۔روضہ رسول کا دیدارعاشقان مصطفیٰ کی دلی تمنا تو ہے ہی مگر جسے اس در کی چاکری نصیب ہو جائے تو اس کی قسمت کے کیا کہنے۔آئیے آپ کا بھی ایک ایسے ہی سچے عاشق رسول کا تعارف کریں جس کی زندگی کے 40 سال روضہ اقدس کی طہارت ونظافت اور مسجد نبوی کی خدمت میں گذر گئے۔جی ہاں! ان خوش نصیب کا نام “بابا بخش طوطہ” ہے جو پیرانہ سالی کے باوجود لاٹھی ٹیکتے ہوئے اب بھی خدمت مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے لیے باعث صد افتخار سمجھتے ہیں۔العربیہ ٹی وی نے 2015ء میں رمضان المبارک کی خصوصی نشریات کے پروگرام” حرمین شریفین سے” میں الشیخ بخش طوطہ سے ملاقات کی اور ان کے خیالات معلوم کیے تھے۔سفید لمبی داڑھی، چہرے پر بڑھاپے کی جھریاں مگر ہونٹوں پر تبسم۔ الشیخ طوطہ نے اس پروگرام میں بتایا تھا کہ الحمد للہ میں پچھلے پینتیس سال سے حرم نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں مصروف ہوں۔پہلے میں نے مسجد نبوی کے باب السلام میں نظافت کی خدمت انجام دی اور اس کے بعد اب باب عثمان میں خدمت انجام دے رہا ہوں۔ میں یہاں بہت خوش ہوں، مسجد کی انتظامیہ اور حکومت سب اچھے ہیں۔ وہ بہت خیال رکھتے ہیں۔الشیخ بخش طوطہ معمر ہونے کے باوجود ابھی مسلسل پچھلے 40 برسوں سے خادم روضہ رسول ہیں۔ سورج طلوع ہوتا ہے تو اس کی پہلی کرنیں الشیخ طوطہ پر اس وقت پڑتی ہیں جب وہ صفائی میں مصروف ہوتا ہے۔اگرچہ اب بڑھاپے نے انہیں کافی کمزور بھی کر دیا ہے مگر جذبہ خدمت اب بھی جواں ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی نے بابا بخش طوطہ کو مسجد نبوی کی گیلریوں سے نکال کر سماجی ویب سائٹس کی دنیا تک پہنچا دیا۔ زائرین کیا مسجد نبوی کے منتظمین سب بابا بخش طوطہ کی خدمات کے معترف ہیں۔ بابا طوطہ کی عمر 75 سال سے زیادہ ہو چکی ہے۔ وہ اپنی کُل زندگی کا نصف سے زائد حصہ حرم مسجد نبوی کی خدمت میں گذارنے پر بہت خوش ہیں۔

Sharing is caring!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *