مزید 25 اضلاع کے تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے

پنجاب کے مزید 25 اضلاع کے تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ، نوٹی فکیشن جاری
مذکورہ اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو فوری طور پر بند کردیا جائے گا ، 9 ویں 10 ویں 11 ویں اور 12 ویں کلاسز کو بھی 26 اپریل بروز پیر سے ان اضلاع میں بند کردیا جائے گا ، وزیر تعلیم مراد راس کا ٹویٹ

لاہور ( 25 اپریل2021ء ) کورونا کیسز کے پھیلاؤ کے باعث صوبہ پنجاب کے مزید 25 اضلاع کے سکول بند کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کی جانب سے صوبے کے مزید 25 اضلاع کے تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق 25 اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو فوری طور پر بند کردیا جائے گا اس کے علاوہ 9 ویں 10 ویں 11 ویں اور 12 ویں کلاسز کو بھی 26 اپریل بروز پیر سے ان اضلاع میں بند کردیا جائے گا ۔وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق جن اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ہے ان میں بہاولپور ، بہاولنگر ، بھکر ، چکوال ، ڈیرہ غازی خان ، فیصل آباد ، گوجرنوالہ ، حافظ آباد ، جھنگ ، قصور ، خانیوال ، خوشاب ، لاہور ، لودھراں ، منڈی بہاؤالدین ، ملتان ، اوکاڑہ ، پاکپتن ، رحیم یار خان ، راولپنڈی ، ساہیوال ، سرگودھا ، شیکوپورہ ، سیالکوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ شامل ہیں ۔ خیال رہے کہ قومی رابطہ کمیٹی نے 5 فیصد سے زائد کورونا کیسز والے تمام اضلاع میں اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، سربراہ این سی او سی اسد عمر نے بتایا کہ جن شہروں میں کیسز کی شرح زیادہ ہوگی وہاں 9 ویں سے12 ویں جماعت کی کلاسز عید تک بند کردی جائیں گی، لاک ڈاؤن اور سکولوں کی بندش کا صوبوں کے ساتھ مل کر پلان بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دفتری اوقات کار2 بجے تک کی جارہی ہے ، اس لیے دفتر میں 50 فیصد سے زیادہ لوگوں کو نہ بلایا جائے بلکہ 50 فیصد ورک فرام ہوم کی پالیسی پرعملدرآمد کیا جائے ، ایس اوپیز کے تحت تمام بازار شام چھ بجے تک کھلے رہیں گے ، جب کہ شام 6 بجے کے بعد صرف اشیائے ضروریہ کی دکانیں ہی کھلیں گی ، باقی کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی اسی طرح وہ اضلاع جہاں 5 فیصد سے زیادہ مثبت کیسز ہیں وہاں اسکول بند ہوں گے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.