مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ

پنجاب کے چھوٹے اضلاع میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ
طبی ماہرین نے کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ سے متعلق خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور ( 27 اپریل 2021ء) : پاکستان بھر میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن اس کے باوجود وائرس پنجاب کے چھوٹے اضلاع میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ پنجاب کے چھوٹے اضلاع میں مثبت کیسز کی شرح میں اضافے کو دیکھتے ہوئے طبی ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب کے اضلاع اوکاڑہ، وہاڑی اور ساہیوال میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح بالترتیب 51، 41 اور 35 فیصد رپورٹ کی گئی جس سے یہ خطرہ بڑھ گیا ہے کہ وائرس اب بڑے آبادی والے شہروں سے دیہی علاقوں میں پھیل رہا ہے۔ قومی اخبار ڈان نیوز کے مطابق سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 اضلاع میں خطرناک حد تک اعلیٰ مثبت شرح ریکارڈ کی گئیں جن میں لاہور 19.5فیصد، راولپنڈی 12 فیصد، فیصل آباد 11.5 فیصد، اور ملتان 8.1 فیصد شامل ہیں اور صوبے کی مثبت کیسز کی شرح 11.5 فیصد ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وائرس چھوٹے اضلاع میں پھیل رہا ہے جہاں پہلے بہت کم کیسز اور اموات سامنے آتی تھیں۔ طبی ماہرین نے حکومت کو بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کو بڑے شہروں سے چھوٹے شہروں میں مریضوں کے بڑے پیمانے پر سفر کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے بصورت دیگر دیہی علاقوں میں بھی انفیکشن پھیل سکتا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر جہاں اموات اور کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں دوسری جانب اسپتالوں اور صحت کے شعبے پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ صوبے بھر کے اسپتالوں میں 90 فیصد وینٹی لیٹرز پر مریض موجود ہیں جبکہ وینٹی لیٹرز کی گنجائش بھی ختم ہونے کے قریب ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.