بھارتی وزیراعظم کو خط لکھ دیا

بھارت میں کورونا کا خطرناک حد تک پھیلاؤ، ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے بھارتی وزیراعظم کو خط لکھ دیا
خط میں فیصل ایدھی نے بھارتی حکومت کو کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مدد کی پیشکش کی

کراچی ( 23 اپریل 2021ء) : ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت میں کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بھارتی حکومت کو مدد کی پیشکش کر دی ہے جس کے لیے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ایک خط بھی لکھا۔ تفصیلات کے مطابق ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارتی وزہراعظم نریندر مودی کے نام ایک خط میں کہا کہ بھارت میں کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایدھی فاونڈیشن بھارت عوام کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ ہم بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ کورونا نے بھارت میں جو تباہی مچائی اُس کا ہمیں بے حد افسوس ہے اور ابھی بھی بھارت کے کئی علاقوں میں شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ فیصل ایدھی نے اپنے خط میں لکھا کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے ہم ایدھی فاؤنڈیشن کی پچاس ایمبولینسز عملے کے ہمراہ آپ کو بھیجنے کے لیے تیار ہیں تاکہ عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے میں آپ کی مدد کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ میں فیصل ایدھی بحیثیت مینجنگ ٹرسٹی ایدھی فاؤنڈیشن ذاتی طور پر اپنی تنظیم کی جانب سے اپنی ٹیم کو لیڈ کرنے کی پیشکش کررہا ہوں، ہماری تنظیم موجودہ حالات کی گہرائی اور سنجیدگی سے بخوبی واقف ہے اور ہم آپ کو مکمل طور پر سپورٹ کرنے اور آپ کی مدد کرنے کے خواہشمند ہیں اسی لیے ہم اپنی ٹیم کو وہ تمام سہولیات سے آراستہ کریں گے جن کی بھارتی شہریوں کو ضرورت ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.