نمازیوں کے لیے نئی سروسز کا اعلان کر دیا

سعودی عرب نے رمضان میں عمرہ زائرین اور نمازیوں کے لیے نئی سروسز کا اعلان کر دیا
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی انتظامیہ زائرین اور نمازیوں کو 40 سے زائد الیکٹرانک سروسز فراہم کرے گی

مکہ مکرمہ(2 اپریل2021ء) سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے حوالے سے بڑی خوشخبری سُنادی ہے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ نے عمرہ زائرین اورنمازیوں کو چالیس سے زیادہ الیکٹرانک سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عمرہ زائرین اور نمازی مسجد الحرام کے صحنوں، دالانوں میں رمضان کے دوران نئی سہولتوں سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔اُردو نیوز کے مطابق مسجد الحرام و مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی اپنے تمام امورتیزی سے ڈیجیٹل سروس میں منتقل کررہی ہے۔الحرمین ایپ مقدس مساجد کی ایپس پلیٹ فارم میں سے ایک ہے۔اس ایپ کی بدولت عمرہ زائرین اور نمازی جمعے کے خطبے کا مشاہدہ کرسکیں گے۔ پانچوں نمازوں کے مناظر براہ راست دیکھ سکیں گے۔ متعدد بین الاقوامی زبانوں میں زیارت کے آداب اور احکام آسان طریقے سے جان سکیں گے۔جنرل پریذیڈنسی نے ’ارشدنی‘ سروس بھی متعارف کرائی ہے۔ اس کے ذریعے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کسی بھی جگہ جانے کے لیے رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔معتمرون ایپ بھی متعارف کرائی گئی جس سے عمرہ زائرین کے استقبالیہ سینٹرز سے متعلق تمام معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ کہاں سے کیسے گزرنا ہے کہاں نماز ادا کرنی ہے۔ کس جگہ وہیل چیئرز اور تحائف کے کیبن ہیں۔ یہ ساری معلومات معتمرون ایپ سے حاصل کی جاسکیں گی۔ جس سے عمرہ زائرین اور نمازیوں کو حرم شریف آنے جانے میں سہولت ملے گی۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے حوالے سے بھی رہنمائی کی گئی ہے۔ اور منظم شکل میں قافلوں کی صورت میں حرم مکی آنے جانے کے فوائد بھی بتائے گئے ہیں۔ ایک ایپ’ تنقل‘ ہے اس کے ذریعے ٹکٹ خریدنے میں آسانی ہوگی۔ الیکٹرانک وہیل چیئرز اور عام وہیل چیئرز سمارٹ موبائل کے ذریعے بک کرائی جاسکیں گی۔ یہ سہولت طواف اور سعی میں بڑی مفید ثابت ہوگی۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ پہلے ہی سے وہیل چیئر طواف اور سعی کے لیے بک ہوجائے گی جبکہ ٹکٹ پوائنٹس پر بھیڑ سے بھی بچا جاسکے گا۔منارة الحرمین پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا گیا ہے اس کا مقصد مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دینی خطابات، اسباق، لیکچر، اور وعظ و نصیحت سے استفادہ ہے- اس کی بدولت تمام خطبات اور اسباق سے باآسانی استفادہ ہوسکے گا۔ اس میں دینی سوال و جواب کی بھی سہولت رکھی گئی ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.