کویت کا دورہ کرنے کا فیصلہ

وزیر اعظم کا خلیجی ملک کویت کا دورہ کرنے کا فیصلہ
عمران خان نے دورہ کویت کیلئے کویتی وزیر خارجہ کی دعوت قبول کر لی، کویت کے وزیراعظم کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت

اسلام آباد ( 18 مارچ2021ء) وزیر اعظم کا خلیجی ملک کویت کا دورہ کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے دورے پر آئے خصوصی مہمان کویت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد ناصر الصباح سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، اس دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر کویت کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو کویتی ہم منصب کا خط پیش کیا، جبکہ انہیں دورہ کویت کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم عمران خان نے دورہ کویت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کویتی وزیراعظم کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اس سے قبل وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے وزیر خارجہ اور کابینہ امور کیلئے وزیر مملکت ڈاکٹر احمد ناصر الصباح کا وزارت خارجہ آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویت کے وزیر خارجہ کے طورپر دوبارہ تقرری پر انہیں مبارک پیش کی، کویت کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ان کی خارجہ امور، صحت، تجارت وکامرس کی وزارتوں کے اعلی حکام بھی تھے۔ اپنی آمد کے بعد وزیرخارجہ احمد ناصر الصباح نے وزارت خارجہ کے صحن میں یادگاری پودا بھی نصب کیا جو وزارت آنے والی شخصیات کی ایک دیرینہ روایت رہی ہے۔اس کے بعد دونوں وزرا خارجہ نے وفود کی سطح پر بات چیت کی۔ اجلاس میں وزراء خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا جس میں سیاسی، معاشی، دفاعی، تجارتی ،سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی برآمد کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے عوام میں رابطوں کے فروغ کے لئے طریقہ ہائے کار پر غور کیاگیا۔ کثیرالقومی اداروں خاص طورپر اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی سطح پر قریبی اشتراک عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہاراور اس کا اعادہ کیاگیا۔

Sharing is caring!

Comments are closed.