کرکٹر کا نام سامنے آگیا

دورئہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے، کورونا کا شکار ہونے والے کرکٹر کا نام سامنے آگیا
مثبت کورونا ٹیسٹ والے فاسٹ بائولر حسن علی کا کل دوبارہ ٹیسٹ کیا جائیگا جس کے منفی آنے کی صورت میں وہ لاہور رپورٹ کرسکے گا

لاہور (17 مارچ 2021ء ) دورئہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے لیے منتخب ہونے والے فاسٹ بائولر حسن علی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ گزشتہ روز 35 کھلاڑیوں کا کوویڈ ٹیسٹ کیا گیا جس میں سے صرف ایک کھلاڑی کا کوویڈ مثبت آیا ، کورونا کا شکار ہونے والے کھلاڑی قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی تھے جنہیں گھر میں ہی قرنطینہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حسن علی کا کل دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا جس کے منفی آنے کی صورت میں وہ لاہور رپورٹ کرسکیں گے ۔حسن علی اس سے قبل پی ایس ایل 6 کے دوران بھی کورونا کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہیں قرنطینہ میں بھیج دیا گیا تھا جہاں 2 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت ملی تھی۔ قومی ٹیم کے منفی کوویڈ والے 34 کھلاڑی کل لاہور رپورٹ کریں گے اور پرسوں سے ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔ 18 مارچ کو تمام سکواڈ کو لاہور رپورٹ کرنے پر دوسری ٹیسٹنگ کی جائے گی جبکہ قومی وائٹ بال سکواڈ کی تیسری اور چوتھی ٹیسٹنگ 21 اور 24 مارچ کو لاہور میں ہو گی۔ قومی وائٹ بال سکواڈ 19 مارچ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کرے گا اور دورہ جنوبی افریقہ کے لیے قومی سکواڈ 26 مارچ کو روانہ ہو گا ۔ واضح رہے کہ 12 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے سیریز کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ سکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کیا تھا۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اعلان کیا تھا کہ بابراعظم ٹی ٹونٹی اور ایک روزہ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.