سینیٹ الیکشن جیتیں گے : وزیر اعظم

اپوزیشن ہر حربہ استعمال کر رہی ہے ، پیسے اور لالچ کے باوجود سینیٹ الیکشن جیتیں گے : وزیر اعظم
ہمارے ارکان سے رابطے ہو رہے ہیں مگر ہم متحد ہیں ، عوامی نمائندوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل حل کریں گے ، وزیر اعظم عمران خان کی اراکین اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد ( 02 مارچ2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں ، اسی لیے شفاف انتخابات کیلئے اوپن ووٹنگ کا حامی تھا ، پیسہ اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں دوسرے روز بھی پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں ، جس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے سینیٹ الیکشن میں امیدوار وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں سینیٹ الیکشن جیتنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہی ہیں لیکن پیسے اور لالچ کے باوجود سینیٹ انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے ، کیوں کہ ہمارے ارکان سے رابطے ہو رہے ہیں مگر ہم متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل حل کریں گے ، اسی لیے پہلی بار پسماندہ علاقوں کو زیادہ ترقیاتی منصوبے دیئے جا رہے ہیں ، کیوں کہ ہماری حکومت کی ترجیح عام آدمی اور پسماندہ علاقے ہیں۔یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن سے قبل پی ٹی آئی اور اتحادی اراکین پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لیے ان سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا تھا ، جب کہ سینیٹ الیکشن کی وجہ سے ہفتہ وار کابینہ اجلاس بھی موخر ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بھی لائحہ عمل ترتیب دیتے ہوئے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا فیصلہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم ناصرف پاکستان تحریک انصاف بلکہ اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے ، ملاقاتوں کا یہ سلسلہ آئندہ 2 روز تک پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری رہے گا ، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ارکان قومی اسمبلی سے سینیٹ انتخابات سے قبل ملاقاتیں قومی اسمبلی چیمبر میں کریں گے ، جن میں ارکان اسمبلی کے مسائل سنے جائیں گے اور ان کے خدشات بھی دور کریں گے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.