سوشل میڈیا قوانین کے لیے بڑا قدم اُٹھا لیا

سوشل میڈیا کو مکمل کنٹرول کرنے کی تیاریاں! وزیر اعظم نے سوشل میڈیا قوانین کے لیے بڑا قدم اُٹھا لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا قوانین پر 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری کی سربراہی میں تشکیل دی گئی 5 رکنی کمیٹی میں ملیکہ بخاری ، سینیٹر علی ظفر، سیکرٹری وزارت آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے شامل ہیں ،کمیٹی 30 روز کے اندر اپنی سفارشات وزیراعظم عمران خان کو پیش کرے گی۔بتایا گیا ہے کہ کمیٹی اٹارنی جنرل کی سفارش پر تشکیل دی گئی ، اٹارنی جنرل نے سوشل میڈیا قوانین پر اپنی سفارشات وزیراعظم کو بھجوائی تھیں ، جس میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا رولز اور نگرانی کے لیے بڑے پیمانے پر مشاورت کی جائے ، سوشل میڈیا رولز میں بنیادی انسانی حقوق اور آزادی رائے کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا کے استعمال کیلئے نئے قوانین کے نفاذ کی تیاری کرلی ، وزیراعظم عمران خان اور کابینہ کی طرف سے سوشل میڈیا کے نئے رولز کی منظوری دی گئی ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ کی طرف سے نئے سوشل میڈیا قوانین کی منظوری دیدی گئی ، اس بارے میں وزارت آئی ٹی کی کمیٹی کی طرف سے تمام رولز کا جائزہ لے کر سمری کابینہ کو بھیجی گئی تھی ، نئے قوانین کے تحت سوشل میڈیا کمپنیاں یا سروس فراہم کرنے والے ادارے معاشرتی سفارشات تشکیل دیں گے ۔جب کہ سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کومواد کی اپ لوڈنگ سے متعلق آگاہی دی جائے گی ، کسی دوسرے شخص سے متعلق منفی رجحان کاکوئی مواد اپ لوڈ نہیں ہوگا ، دوسروں کی نجی زندگیوں کو متاثر کرنے والے مواد ، مذہب اور پاکستان کے ثقافتی اور اخلاقی اقدار کے مخالف مواد ، سوشل میڈیا پر بچوں کو متاثر کرنے والے ہر قسم کے مواد اور کسی شخص کی شخصیت کی نقل بنانے والے مواد پر پابندی ہوگی ، اس کے علاوہ دفاعی اداروں اور دفاع پاکستان مخالف مواد اور سوشل میڈیا پر تشدد، نفرت انگیز مواد پر پابندی ہوگی۔

 

Sharing is caring!

Comments are closed.