دُبئی میں دن پھر گئے

پاکستان میں شدید غربت کاٹنے والے کے دُبئی میں دن پھر گئے
امارات میں ڈرائیونگ کرنے والے حسن رضا نے گلوکاری کے مقابلے میں بڑی انعامی رقم جیت لی

دُبئی( 15 مارچ2021ء) پاکستان میں تنگی کے دن کاٹنے والے کو کیا پتا تھا کہ وہ دُبئی ڈرائیونگ کرنے جائے گا، مگر اپنی گائیکی کی بے پناہ صلاحیت اسے یکایک بڑی رقم کا مالک بنا دے گی۔ ایسی خوش نصیبی دُبئی میں سات سال سے مقیم پاکستانی ڈرائیور حسن رضا کے ساتھ ہوئی ہے۔ معمولی تنخواہ پر ڈرائیونگ کرنے والے حسن رضا نے گلوکاری کے ایک مشہور شو میں اپنی گلوکاری سے 15 ہزار درہم کی انعامی رقم جیت لی ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ساڑھے چھ لاکھ روپے بنتے ہیں۔اس انعامی رقم سے حسن رضا کی زندگی کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق 29 سالہ حسن رضا نے ’ویسٹرن یونین کیمپ کا چیمپ‘ نامی ٹیلنٹ شو میں اپنی بہترین گلوکاری سے پہلا انعام جیت لیا ہے یہ انعامی رقم اس کی 10 ماہ کی تنخواہ کے برابر ہے۔ اس ٹیلنٹ شو میں امارات بھر سے 2 ہزار سے زائد غیر ملکی کارکنان نے شرکت کی جس میں بالآخر حسن رضا نے سب کو پچھاڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔لاکھوں روپے جیتنے پر انتہائی خوش نظر آنے والے حسن رضا نے بتایا”مجھے روزگار کے لیے دُبئی آئے سات سال ہو گئے ہیں میں وطن میں مقیم اپنی والدہ، چار بھائیوں اور دو بہنوں پر مشتمل گھرانے کا واحد کفیل ہوں۔یہ کامیابی مجھے ایک خواب کی طرح معلوم ہورہی ہے۔میں نے ہمیشہ سُنا تھا کہ دُبئی آنے والے اپنے خوابوں کی تعبیر پا لیتے ہیں۔ اور آج واقعی میرے ساتھ بھی یہی خوش قسمتی ہوئی ہے۔ میرے پاس وہ لفظ نہیں جن سے اپنی خوشی کا اظہار کر سکوں۔ میری ساری عمرٹیلی ویژن پر ریئلٹی شوز دیکھ کرگزری۔ صرف ایک بار مجھے کم عمری میں پاکستان کے ایک میوزک مقابلے میں شرکت کا موقع مل سکا تھا۔ تاہم دُبئی آنے کے بعد میرا سارا دھیان ڈرائیونگ اور رزق کمانے کی جانب ہو گیا تھا۔ اس لیے میں نے اپنے اس شوق کو کئی سال تک سینے میں دبائے رکھا۔

Sharing is caring!

Comments are closed.