سلائی مشین دیں گے

ہم آپ کو نوکریاں نہیں، کاروبار کرنے کیلئے سلائی مشین دیں گے ، وزیراعظم
احساس پروگرام کے تحت مدد کی جائے گی ، مثال کے طور پر سلائی مشین لے لیں یا کوئی چھوٹی دوکان لگالیں ، عمران خان کا تقریب سے خطاب

راولپنڈی ( 10 فروری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم آپ کو نوکریاں نہیں، کاروبار کرنے کیلئے سلائی مشین دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں احساس کفالت پروگرام کے تحت تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم آپ کو اپنا بزنس کرنے کیلئے مدد کریں گے ، اس کے لیے احساس پروگرام کے تحت مدد کی جائے گی ، مثال کے طور پر سلائی مشین لے لیں یا کوئی چھوٹی دوکان لگالیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے لوگ جن کے لیے گزارہ کرنا مشکل ہے ان کی مدد کی جائے ، اس کے لیے حکومت احساس کفالت پروگرام کے ذریعے سے پیسے بانٹ رہی ہے ، جس کے تحت آج سے 12ہزار روپے فی کس ملے گا ، اس میں ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ یہ صرف مستحق لوگوں کو ملے۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر کام شروع ہو چکا ہے ، جس کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے سود کے بغیر قرضے دیں گے ، کمزور طبقے کی مالی مدد حکومت کی اولین ترجیح ہے جب کہ احساس کفالت پروگرام کوئی احسان نہیں ہے بلکہ ہم مستحقین کی مدد کرتے رہیں گے ، جس کے لیے ہم غریب اور نادار لوگوں کو صحت کارڈ فراہم کرنے کی بھی سہولت دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہم نے حکومت کی طرف سے شروع کیے گئے احساس پروگرام میں فنڈز کی تقسیم منصفانہ کی ہے ، غیر مستحق 30 ہزار افراد کو اسکیم سے نکالا جا چکا ہے اور کوئی نہیں کہہ سکتا کہ احساس پروگرام میں رقم کی تقسیم غیر منصفانہ کی ہے ، انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں ہماری حکومت نہیں ہے لیکن وہا ں غربت زیادہ ہے ، اس لیے ہم نے سندھ کے مستحق لوگوں کا بھی سوچا اور ان کو سہولیات دی ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.