خاتون نے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا

ارتغرل کی دھوم امریکہ میں بھی مچ گئی،خاتون نے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا
محی الدین ابن العربی کے پیغامات سن کر اسلام قبول کرنے کو دل کیا،خاتون کا بیان

نیو یارک (06 فروری2021ء) ارتغرل نے ایسی دھوم مچائی کہ ہر طرف اسی کا چرچا سنائی دیتا ہے۔پاکستان میں تو اس ترکی کے ڈرامے کی بازگشت گلی گلی سنائی دیتی ہے کہ کیا بچے اور کیا بوڑھے کیا مرد اور کیا خواتین یہاں تک کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان بھی اس ڈرامے کی محبت میں گرفتار ہو گئے۔تاہم اب اس ڈرامے کی وجہ سے لوگوں نے اسلام بھی قبول کرنا شروع کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق 60 سالہ امریکی خاتون نے ترک ڈرامہ ”ارطغرل غازی” میں محی الدین ابن العربی کے پیغامات سن کر اسلام قبول کرلیا۔ترک میڈیا کے مطابق امریکا کی ریاست وسکنسن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اسلام قبول کر لیا ہے جس کے بعد ان کا نام خدیجہ رکھا گیاہے جو کہ چھوٹے سے قصبے کی رہائشی ہیں۔اسلام قبول کرنے والی خاتون کو ترک ڈرامے میں ترگت (نور گل) اور سلجان (شہناز) خاتون کے کردار کافی پسند آئے۔انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں محی الدین ابن العربی کے پیغامات سن کر وہ کافی متاثر ہوئیں اور ان کا زندگی کے بارے میں سوچ کا رخ تبدیل ہو گیا۔خدیجہ کا کہنا ہے کہ انہیں تاریخ سے لگاؤ ہے جس کی وجہ سے ان کی توجہ اس ترک ڈرامے کی طرف گئی اور مجھے اسلام کے بارے میں جاننے اور اس کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا،میں نے قرآن انگریزی میں کئی بار پڑھا اور اب میں پہلی فرصت میں ترکی جانا اور وہاں رہنا چاہتی ہوں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ترک کھانوں کی بھی دلدادہ ہیں اور گھر میِں بنانے کی کوشش بھی کرتی ہیں،ان کے آباؤ اجداد ناروے سے امریکہ آکر آباد ہوئے جن کے ڈی این اے میں ترک نسل کا امتزاج بھی ملتا ہے۔خاتون نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے دینِ اسلام کو تسلیم کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر ایمان لے آئی ہوں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.