پاکستانی خواتین نے بھی اہم کردار نبھایا ہے

”متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی خواتین نے بھی اہم کردار نبھایا ہے“
پاکستان میں تعینات اماراتی سفیر حماد عبید الزعابی نے سیمینار سے خطاب کے دوران کہا کہ امارت میں صنفی امتیاز تیزی سے ختم ہو رہا ہے، امارات کے مریخ مشن میں 34 فیصد خواتین شامل تھیں

دُبئی(17فروری2021ء) پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے۔ جس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ یہاں کی پچاس فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے جس کا کئی دہائیوں تک معیشت اور سماجی ترقی میں شراکت داری کو محدود رکھا گیا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستانی خواتین کی بڑی تعداد پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھول دیئے گئے تو وہ بھی مردوں کے شانہ بشانہ ملکی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ جس کا اعتراف دُنیاکے دیگر ممالک میں بھی کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں تعینات یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزعابی نے اماراتی مملکت کی ترقی میں پاکستانی خواتین کے کردار کو اہم قرار دے دیا۔ ایک مقامی سیمینار سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ امارات کی ترقی میں پاکستانی خواتین نے بھی اہم کردار نبھایا ہے۔اسلام آباد میں واقع اماراتی سفارت خانے میں عورت فاوٴنڈیشن اور یو این ویمن کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اماراتی سفیرنے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی حالیہ رپورٹ کے مطابق عرب امارات میں مردوں اور خواتین میں فرق تیزی سے کم ہو رہا ہے، خواتین کا عرب امارات میں کردار بڑھ رہا ہے، ہمارے مریخ مشن میں خواتین کا 34 فیصد حصہ ہے۔امارات نے فرسٹ ویمن فنانس انیشیٹو فنڈ میں بڑی رقم دی ہے سندھ اور بلوچستان میں بھی متحدہ عرب امارات خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہا ہے۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی خواتین بھی اماراتی مملکت کی ترقی و خوشحالی میں اپناکردار ادا کر رہی ہیں۔ جبکہ پاکستان میں بھی خواتین ہر شعبے میں آگے آ کر اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کر رہی ہیں جس سے پتا چلتا ہے کہ وہ ذہانت، اہلیت اور قابلیت میں مردوں سے کم نہیں ہیں۔
امارات پاکستانی اور افغان خواتین کے آگے بڑھنے کے لئے کام کر رہا ہے، سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی جبکہ سیمینار کے اختتام پر متحدہ عرب امارات نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین میں سرٹیفکیٹ اور اسناد تقسیم کیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.