نئی سہولت متعارف کرا دی گئی

سعودی عرب میں نادرا کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے نئی سہولت متعارف کرا دی گئی
جدہ کے نادرا آفس سے پاکستانیوں کو فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجراء شروع ہو گیا ہے

جدہ(2 فروری2021ء) سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں، جن شناختی کارڈ، پاسپورٹس اور دیگر اہم دستاویزات بنوانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔یہ خدمات فراہم کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانہ، قونصل خانہ اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اپنا کام بہترین انداز سے نبھا رہے ہیں۔ پردیس میں مقیم پاکستانیوں کو اہم دستاویزات کی بروقت فراہمی کے لیے سفارتی عملہ ہر وقت کوشاں رہتا ہے۔اب جدہ میں واقع پاکستانی قونصل خانے نے پاکستانیوں کے لیے ایک نئی سروس بھی شروع کر دی ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق پاکستانی قونصل خانے نے نادرا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجراء شروع کر دیا ہے۔ فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ ( ایف آر سی) اور کسی شخص کے وفات کی صورت میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے لیے نادرا کے شناختی کا رڈ کی منسوخی کی سروسز جدہ قونصلیٹ میں شروع کی گئی ہیں جو پہلے دستیاب نہیں تھیں۔  جدہ قونصلیٹ سے جاری بیان کے مطابق قونصل جنرل خالد مجید نے پیر کو نادراآفس میں ان خدمات کا افتتاح کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو سہولتوں کی فراہمی کے کے لیے نادرا کے فعال کردار کو سراہا۔سعودی عرب کے ویسٹرن ریجن میں رہنے والے پاکستانی اب جد ہ قونصلیٹ (نادرا آفس) کی ان سروسز سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔یہ حالیہ اقدام قونصلیٹ جنرل جدہ کی پاکستانی کمیونٹی کے لیے قونصلر خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے جاری کوششو ں کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جدہ قونصلیٹ جنرل میں ون ونڈوآپریشن کے ذریعے خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ون ونڈو کی سہولت کے نتیجے میں شناختی دستاویزات سے متعلق کام زیادہ تیزی اور سہولت سے ممکن ہو رہے ہیں۔الگ الگ مقامات پر جا کر کام کرانے کے بجائے ایک ہی جگہ سے تمام سہولتیں میسر ہیں جس میں فیس جمع کرانا، بائیومیٹرک، تصاویر، ڈیٹا انٹری، فارم پرنٹنگ اور جمع کرنا جیسے امور شامل ہیں۔

Sharing is caring!

Comments are closed.