افراد کو شاندار سہولت مہیا کر دی

متحدہ عرب امارات نے مقامی اور غیر ملکی بزرگ افراد کو شاندار سہولت مہیا کر دی
وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ضعیف العمر شہریوں کو ان کی رہائش گاہوں پر ہی ویکسین لگائی جائے گی

دُبئی(17فروری2021ء) متحدہ عرب امارات نہ صرف مقامی باشندوں بلکہ غیر ملکیوں کے لیے بھی سہولتوں اور آسائشوں کے حوالے سے ایک بہترین مقام ہے۔ یہاں انسانیت کو آسانیاں فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے۔ امارات میں کورونا کی ویکسین بلاتفریق رنگ و نسل و مذہب تمام افراد کو مفت لگائی جا رہی ہے۔ اماراتی وزارت صحت نے بزرگ شہریوں کو ایک اور شاندار سہولت مہیا کر دی ہے۔ وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ضعیف العمر افراد کو ان کی رہائش گاہوں پر ہی ویکسین لگائی جائے گی۔ وزارت صحت کے خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ امارات میں بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کے معاملے میں خصوصی ترجیح دی جا رہی ہے۔ کیونکہ انہوں نے اماراتی معاشرے کی تعمیر میں عظیم کردار نبھایا ہے، جس کے اعتراف میں ان کی صحت و زندگی کے تحفظ کی خاطر غیر معمولی خدمات فراہم کیے جانے کے تحت ان کی رہائش گاہوں پر ہی ویکسین لگائی جائے گی۔ گھروں پر جا کر ویکسین مہیا کرنے کی یہ سہولت مقامی اور غیر ملکی بزرگ افراد دونوں کے لیے دستیاب ہو گی۔ فی الحال وزارت نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنی عمر سے زائد افراد کو گھر پر ویکسین لگانے کی سہولت دی جائے گی۔ امارات میں اب تک کورونا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ اماراتی شعبہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فرید الحوسنی نے بتایا ہے کہ امارا ت میں ہر 100 افراد میں سے تقریباً 61.50 افراد ویکسین لگوا چکے ہیں۔مقامی اور تارکین وطن میں ویکسین کی تقسیم کے شرع کے اعتبار سے یو اے ای دُنیا بھر میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ امارات میں 16 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ امارات کی ساتوں ریاستوں میں اماراتی شہریوں اور تارکین کو حکومت کی جانب سے مفت ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ ابوظبی، شارجہ، راس الخیمہ، اُم القوین، عجمان اور فجیرہ میں چین کی تیار کردہ ویکسین سائنو فارم لگائی جا رہی ہے جب کہ دُبئی میں سائنو فارم کے علاوہ امریکی اور جرمن کمپنیوں کی مشترکہ طور پر تیار کردہ فائزر بائیو این ٹیک ویکسین لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.