اللہ تیرا لاکھ لاکھ شکر ہے، ملک بھر میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی

ملک بھر میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی ہونے لگی
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2ہزار 751 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 75 اموات ہوئی

اسلام آباد کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ملک بھر میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی ہونے لگی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2ہزار 751 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 75 اموات ہوئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ مریضوں کی تعداد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد سے کہیں کم ہوتی جا رہی ہے۔ اسی حوالے سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ لگ رہا ہے ملک میں کورونا وائرس کا عروج جون میں گزر چکا، کورونا کیسز کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے وزیر صحت کہتی ہیں کہ سمارٹ لاک ڈاون پالیسی کی بدولت پنجاب میں کورونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے اور ہسپتالوں میں کوویڈ 19 کے مریضوں کے اعداد و شمار متاثرین اور اموات میں کمی ظاہر کر رہے ہیں۔ یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کا بوجھ کم ہوا ہے۔ پنجاب کے سب سے بڑے شہر اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جانب سے احتیاط برتنے اور ایس او پیز پر عمل کئے جانے سے وائرس کا پھیلاو روکا گیا ہے۔ صوبے میں زیر علاج مریضوں کی صحتیابی میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تاہم اس کے باوجود آنے والے دنوں خاص کر عید الا ضحیٰ کے موقع پر احتیاط کی ضرورت ہے۔ اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو عیدالفطر کی طرح صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔ کھانسی یا بخار میں مبتلا افراد اور بچے، بزرگ مویشی منڈیوں کا رخ نہ کریں۔ واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 84587 اور اموات 1955 ہوچکی ہیں، صوبے میں اب تک کورونا سے 51450 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ جبکہ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 242787 تک پہنچ گئی ہے، اموات کی مجموعی تعداد 5033 جبکہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 145311 ہے۔

Sharing is caring!

Comments are closed.