’’ خدارا! کورونا کو مذاق نہ سمجھیں ، میرے والد ایک ڈاکٹر ہیں جو کورونا کی وجہ سے اس وقت آئی سی یو میں ہیں اور۔۔‘‘ پاکستانی ڈاکٹر کی بیٹی کی رو رو کر پوری قوم سے احتیاط کی اپیل

کراچی (نیوز ڈیسک ) کورونا کو مذاق نہ سمجھیں۔ کورونا سے متاثرہ ڈاکٹر کی بیٹی نے یہ پیغام دیتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں۔ ویڈیو میں روتے ہوئے متاثرہ ڈاکٹر کی بیٹی کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے

کہ میرے والد ڈاکٹر ہیں اور کورونا کا شکار ہو کر اس وقت آئی سی یو میں ہیں، میرے والد کی طبیعت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتی جا رہی ہے، تمام افراد اپنے بچوں اور والدین کا خیال رکھیں۔پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے اپنے والد کی دعا کے لئے اپیل کی ہے جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ میرے والد بالکل صحت مند انسان تھے، انہیں کسی قسم کی کوئی بیماری نہیں تھیں، انہیں ایک دم کورونا لگا جس کے بعد آج وہ آئی سی یو میں ہیں۔بتایا گیا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کا نام ڈاکٹر نور محمد سومرو ہے جو کہ سول ہسپتال میں کینسر وارڈ کے انچارج ہیں جو کہ اب کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان میں بھی کورونا کا وار تیز ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد عام شہریوں کے علاوہ ڈاکٹروں کی بڑی تعداد بھی کورونا کا شکار ہو گئی ہے۔ پاکستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں کورونا کے باعث مزید 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پچھلے دو روز کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔لیکن پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 111 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے ساتھ ہی ملک میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 839 ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر نے بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سوموار کے روز ملک بھر میں کورونا کے 4443 کیسز سامنے آئے تھے جبکہ اتوار کے اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر جائزہ لیا جائے تو سوموار کو 805 کیسز کم رپورٹ ہوئے، جاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 14 جون کے روز پاکستان میں مثبت کیسز کی تعداد 5248 تھی۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 48 ہزار 921 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 56 ہزار 390 صحت یاب ہو گئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے باعث مجموعی اموات کی تعداد 2839 ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

Sharing is caring!

Comments are closed.